Live Updates

ہیلتھ کارڈز کی موجودہ کوریج کی حد بڑھائی جارہی ہے‘صوبائی وزیر صحت پنجاب

کوئی مستحق خاندان محروم نہیں رہنا چاہئے،سٹیٹ لائف 12لاکھ خاندانوں کوہیلتھ کوریج فراہم کریگی‘ڈاکٹر یاسمین راشد

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:50

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈز کی موجودہ کوریج کی حد بڑھائی جارہی ہے۔سکیم کے تحت کوئی مستحق خاندان علاج معالجے کی مفت سہولت سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔ وہ اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہی تھیں۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ثاقب ظفر نے اجلاس کو ہیلتھ کارڈ سکیم پر بریفنگ دی۔

وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب بھر میں محروم معیشت طبقے کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم جلد شروع ہوگی۔ جن کنبوں کو پہلے ہیلتھ کارڈ جاری کئے انہیں بھی نئے اور بہتر فیچرز کے حامل کارڈ دیے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جمع شدہ ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان مستفید ہوسکیں۔

(جاری ہے)

ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن 12لاکھ خاندانوں کوہیلتھ کوریج فراہم کرے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ نجی میڈیکل تعلیمی اداروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں کو بھی سکیم میں شامل کیا جائے کیونکہ ان میں نسبتاً کم نرخوں پر علاج کی سہولت مہیا کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد ہی عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ ہیلتھ کارڈ انشورنس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جو اہداف مقرر کئے ہیں انہیں ہر صورت میں حاصل کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات