Live Updates

کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی کوئی تحقیقات نہیں ہو رہیں نہ ہی وزیراعظم نے ایسا کوئی بیان دیا

اس حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 11:02

کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی کوئی تحقیقات نہیں ہو رہیں نہ ہی وزیراعظم نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات نہیں ہو رہیں۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی کوئی بات نہیں کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن نہ کرنے پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ کسی قسم کی کرپشن قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، حکومت کا موقف جانے بغیر اخبار کی جانب سے اس طرح کی شہ سُرخی شائع کیا جانا غیر اخلاقی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ایک قومی اخبار نے خبر شائع کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے پہلے 100 دنوں میں ہی وفاقی حکومت میں شامل 3 وزرا پر کرپشن کا الزام لگ گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر وزیراعظم عمران خان نے ان تین وزرا کی کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر وزیر اعظم عمران خان ان تین وزرا کو برطرف کر دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وزرا کے کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف جمعرات کوکابینہ اجلاس کے دوران تمام سرکاری افسروں کوکابینہ اجلاس والے کمرے سے نکالنے کے بعد وزرا سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیر موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزراء کی کرپشن کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہو چکی ہیں۔ اور وزرا پر عائد کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔ کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر میں کسی قسم کی گنجائش نہیں رکھوں گا اور کرپٹ وزرا کو برطرف کر دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری کرپشن کے خلاف 22 سالہ جدوجہد ہے اور میں اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم کے انکشاف پر کابینہ روم میں موجود اجلاس کے شرکا نے چُپ سادھ لی۔ تاہم اب وفاقی وزیر اطلاعات نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایسی کوئی بات کی نہ ہی کسی وزیر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات