بھارتی افواج ظلم و جبر سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی اورجذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتیں، انجینئر شاہد محمود

پیر 22 اکتوبر 2018 22:52

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) بھارتی افواج ظلم و جبر سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی اورجذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتیں،آئے روز کے ظلم و بربریت سے یہ جذبہ مزید بڑھ رہاہے،15کشمیریوں کا قتل قابل مذمت ہے ،عالمی طاقتیں نوٹس لیں،قتل عام پر خاموشی شریک جرم ہونے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیم آرائیا ں حیدر آباد ڈویژن کے صدر انجینئر شاہد محمود آرائیں، سیکریٹری اطلاعات امتیاز علی آرائیں،انجینئررئیس مدد علی آرائیں ،چوہدری محمدجمیل آرائیں نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوںمیں قابض ہندوستانی افواج کی جانب سے نہتے کشمیری مسلمانوں پر فائرنگ ،شیلنگ اور تشدد سے ایک روز کے دوران 15سے زائد کشمیریوں کی شہادت اور 60سے زائد کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہداء کی مغفرت کے لئے دعاکرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج 70سال سے نہتے کشمیریوں پر جذبہ آزادی اورحق خود ارادیت کچلنے کے لئے ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی اور جذبہ حریت ختم نہیں کرسکیں وہ جتنا مرضی ظلم و بربریت کر لیں وہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی ختم نہیں کرسکتیں بلکہ اس میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جسکا ثبوت برہان وانی جیسے اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کا جنگ آزادی میں شریک ہونا ہے وہ دن دور نہیں جب ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہداء کا لہو رنگ لائے گا اور کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا کشمیریوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی طاقتوں اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی شریک جرم ہونے کے مترادف ہے عالمی ادرے خصوصی طور پر اقوام متحدہ مجرمانہ غفلت چھوڑ کر کشمیریوں پر ظلم رکوانے اور انہیں حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔