Live Updates

آصف زرداری سیاستدانوں کی بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں‘وفاقی وزیراطلاعات

قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کے لیے ووٹ چاہئیں. مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوگا.سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اکتوبر 2018 11:34

آصف زرداری سیاستدانوں کی بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں‘وفاقی ..
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اکتوبر۔2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلا سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں،قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کے لیے ووٹ چاہئیں. واضح رہے گزشتہ روز سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کےلئے ان کے گھر پہنچے تھے.

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلاءسے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوگا.

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کیلئے ووٹ چاہئیں زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں ووٹ وہ نوٹ کمانے کے چکر میں کھو چکے ہیں.

سعودی عرب میں وزیر اعظم کے سرکاری دورے کے حوالے سے وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں عمران خان کو ملنے والااحترام پاکستان کا مقام ظاہرکرتاہے،وزیراعظم عمران خان کو مسلم امہ اہمیت دیتی ہے. وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ،ریاض میں چند گھنٹے ہی سو سکے ،اب انتہائی مصروف دن منتظر ہے،اب سے کچھ دیر بعد وزیر اعظم کا کانفرنس میں سوال وجواب کا سیشن ہو گا،وزیراعظم عمران خان کی شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات ہوگی.

انہوں نے کہا کہ سعودی وزراءبھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے،عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی وزیر اعظم کی مصروفیات کا حصہ ہیں، وزیراعظم آج” مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع کانفرنس“ میں شرکت کرینگے. سعودی دارالحکومت ریاض میں حکومت کا ”مشن آف اکانومی“ شروع ہوچکا ہے، وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب میں سرمایا کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے اور عالمی سرمایا کاروں کو پاکستان میں انویسٹمنٹ کی دعوت دیں گے.

رات گئے وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے، دورے کے پہلے مرحلے میں وہ مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنرمدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا استقبال کیا. وزیراعظم نے مدینہ منورہ میں اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقات بھی کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیراعظم ریاض پہنچے جہاں ریاض کے گورنر نے وزیراعظم کا استقبال کیا. وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسدعمر، وزیراطلاعات فواد چوہدری، مشیرتجارت عبدالرزاق داﺅد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات