عجب کرپشن کی غضب کہانی

پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ میں تعلیم کا معیار گر گیا ، 35 گھوسٹ اُساتذہ کی بھرتیوں کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اکتوبر 2018 14:47

عجب کرپشن کی غضب کہانی
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2018ء) : سعودی عرب کے شہر جدہ کے ایک اسکول میں کرپشن کی عجب کہانی سامنے آئی جہاں گھوسٹ ملازمین کی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ میں تعلیم کے گرتے ہوئے معیار کے ساتھ 35 گھوسٹ اُساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے اس اسکول میں زیر تعلیم طلبا کے والدین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور بھاری فیسوں کی ادائیگی کے باوجود بچوں کو معیاری تعلیم کی عدم فراہمی پر انتظامیہ سے جواب طلبی کی۔

پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ کے بارے میں انکشاف سامنے آیا کہ یہاں گھوسٹ اُساتذہ کی بھرتیاں کی گئی ہیں جو گذشتہ 3 سال سے تنخواہوں کی وصولی کر رہے ہیں جبکہ اسکول میں تعلیم کا معیار دن بدن گرتا جا رہا ہے جس نے والدین کو بچوں کے مستقبل کے حوالے سے فکر مند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

والدین نے الزام عائد کیا کہ اسکول انتظامیہ نے من پسند خواتین اُساتذہ کو بھرتی کر رکھا ہے لیکن ان میں سے کوئی اسکول آ کر بچوں کو تعلیم دینے کی زحمت نہیں کرتا اور انہیں گھر بٹھا کر ہی تنخواہوں کی ادائیگی کر دی جاتی ہے۔

اس سلسلے میں قونصلر جنرل شہر یار اکبر کے سامنے احتجاج کیا تو انہوں نے بجائے والدین کی مدد کرنے کے ، ان پر اپنی دھاک بٹھانے کے لیے اُلٹا والدین کو ہی دھمکانا شروع کر دیا۔ شہریار اکبر نے سراپا احتجاج والدین کو صاف کہا کہ میرا تعلق اعلٰی حکومتی شخصیات سے ہے، کوئی بھی مجھے کچھ نہیں کہہ سکتا، اس سلسلے میں جس سے شکایت کرنی ہے جا کر کرلیں۔ پریشان حال والدین نے اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول انتظامیہ کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ طلبا کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جا سکے۔