پاکستان ہلال احمر سندھ کے زیر اہتمام ہیومینیٹرین ڈپلومیسی کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

منگل 23 اکتوبر 2018 19:53

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان ہلال احمر سندھ کے زیر اہتمام ہیومینیٹرین ڈپلومیسی (Humanitarian Diplomacy) کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس کا مقصد حکومت وقت اور اعلیٰ عہدیداران کو متاثرہ افراد کے مفاد میں فیصلے لینے کی ترغیب دی گئی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیمینار میں حکومتی اداروں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

چیئرمین ہلال احمر سندھ شہناز حامد نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور سیمینار کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن پاکستان Mr. Thomas Gurtner نے کلیدی مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر بین الاقوامی سطح پر انسانیت کو درپیش مسائل سے نمٹ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ یاسین آزاد نے تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کے متعلق موجودہ قوانین اور صورتحال کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

انسانی حقوق کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے غازی صلاح الدین نے ہیومینیٹرین ڈپلومیسی کے فروغ میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے کردار کا تذکرہ کیا۔ سوشل پالیسی اینڈ ڈولپمنٹ سینٹر سے تعلق رکھنے والی پروفیسر ڈاکٹر خالدہ غوث نے ہیومینیٹرین ڈپلومیسی کو درپیش بین الاقوامی مسائل پر اظہار خیال کیا۔ تقریب میں مقامی اخبارات کے ایڈیٹران نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ہلال احمر کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے تمام شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔