بانیان پاکستان کی اولادوں پر پولیس گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،آفاق احمد

متحدہ بہادر آباد نے قیمت وصول کرلی، ایسا نہیں تو اب تک حکومت سے الگ ہو جانا چاہئے تھا

بدھ 24 اکتوبر 2018 23:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے پاکستان کوارٹر میں پولیس کی وحشیانہ شیلنگ، لاٹھی چارج اور فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ کر وفاقی حکومت نے اپنے تعصب کو بے نقاب کردیا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کو اس لئے جواز نہیں مانا جاسکتا کیونکہ سپریم کورٹ میں ابھی تک متاثرین پاکستان کوارٹر، جمشید کوارٹر، ایف سی ایریا اور پٹیل پاڑہ کے مکینوں کو سنا ہی نہیں گیا۔

اپنے مذمتی بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ اس پوری افسوسناک اور اشتعال انگیز صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور متحدہ بہادر آباد ہے، متحدہ بہادر آباد والے ان علاقوں کی ذمینوں سے اپنا حصہ وصول کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے ساز باز کرچکے ہیں، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ یہ لوگ اب تک بطور احتجاج حکومت سے علیحدگی اختیار کرلیتے لیکن چونکہ اس ذمین کی بندر بانٹ کی سازش میں متحدہ بہادر آباد خود حصہ دار ہیں اس لئے یہ لوگ اب تک حکومت کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ کہ کراچی کے باون فیصد پر قائم کچی آبادیوں کی بجائے مستقل اور قانونی آبادیوں کی مسماری کی کوشش بدترین تعصب ہے، کراچی میں جن لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا گناہ کیا اب انکی آنکھیں کھل جانی چاہئے۔آفاق احمد نے سندھ حکومت کی جانب سے طاقت کا استعمال روکنے اور پاکستان کوارٹر کے گرفتار مکینوں کو رہا کرنے کے احکامات پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں مہاجروں اور سندھیوں کو ہمیشہ ساتھ ہی رہنا ہے اس لئے دونوں ہی قوموں کو ایک دوسرے کے دکھ درد کا احساس دوسروں سے زیادہ کرنا چاہئے، سندھ حکومت نے پولیس کو روک کر تحریک انصاف کی سازش ناکام بنائی جس کی دل سے قدر کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مہاجر عوام پر ہونے والے کسی بھی ظلم میں کم از کم سندھ حکومت فریق نہیں بنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے تین مہینے کی مہلت ناکافی ہے،چیف جسٹس سپریم کورٹ یہاں کے مکینوں کے مالکانہ حقوق دوبارہ بحال کرنے اور ستر برسوں سے آباد لوگوں کے سروں سے چھت چھیننے کی کوشش کرنے والے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو لگام دینے کیلئے احکامات صادر فرمائیں۔