تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین کی نااہلی کے واضح امکانات

سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس کے سلسلے میں منگل کے روز حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی کی معافی مسترد کردی

muhammad ali محمد علی منگل 30 اکتوبر 2018 18:44

تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین کی نااہلی کے واضح امکانات
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 اکتوبر 2018ء) تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین کی نااہلی کے واضح امکانات، سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس کے سلسلے میں منگل کے روز حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی کی معافی مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین پر توہین عدالت کے معاملے میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عامر لیاقت کے خلاف توہین عدالت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عامر لیاقت پر فرد جرم عائد کی جائے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ عامرلیاقت عدالت اور عدالتی احکامات کی تضحیک کرتے رہے ہیں جس پر عامر لیاقت نے جواب دیا کہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے اس عدالت کی عزت بڑھائی ہے، آپ عدالتوں کی تضحیک کرتے ہیں ،بعد میں معافی مانگتے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو سپریم کورٹ کی جانب سے سخت سزا دیے جانے کا واضح امکان ہے۔ حال ہی میں مسلم لیگ ن کے دو رہنما دانیال عزیز اور طلال چوہدری توہین عدالت کے معاملے میں نااہلی کی سزا کا شکار بن گئے تھے۔

اب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی توہین عدالت کے معاملے میں نااہلی کا شکار بن سکتے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف بھی عامر لیاقت حسین کی نااہلی پر زیادہ ردعمل نہیں دے گی۔ تحریک انصاف کی قیادت خود عامر لیاقت حسین سے پیچھا چھڑوانا چاہتی ہے۔ ایسے میں اگر عامر لیاقت حسین نااہلی قرار دیے جاتے ہیں، تو تحریک انصاف ان کہ نااہلی کیخلاف درخواست دائر نہیں کرے گی۔ یوں تحریک انصاف قومی اسمبلی کی ایک نشست سے محروم بھی ہو جائے گی۔