کرپٹ لوگوں کی شامت آگئی

نیب نے چاروں صوبوں میں اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ، نیب کی فہرست منظر عام پر آگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 31 اکتوبر 2018 15:28

کرپٹ لوگوں کی شامت آگئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد کرپٹ افراد کے خلاف کارروائیاں کرنے اور قوم کا پیسہ واپس لانے کا عہد کیا تھا۔ تاہم اب نیب نے چاروں صوبوں میں موجود کرپٹ افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ نیب کی تیار کی گئی فہرست میں کئی اہم شخصیات اور سیاسی رہنما بھی شامل ہیں۔ نیب کی جانب سے تیار کردہ فہرست بھی جاری کر دی گئی ہےجس میں مجموعی طور پر 71 شخصیات کے نام شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب کی اس فہرست میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،بابر غوری ، ڈاکٹر عاصم ، آغا سراج درانی، سہیل انور سیال، رؤف صدیقی، جام خان شورو،وسیم اختر، اعجاز جاکھرانی،لیاقت جتوئی، صبغت اللہ راشدی،صدیق میمن،سابق آئی جی غلام حیدر جمالی،تیمور تالپور،منظور وسان،پرویز خٹک ، انجینئیر امیر مقام،عاصمہ ارباب عالمگیر،اکرم درانی،سینیٹر عثمان سیف اللہ،کیپٹن (ر) صفدراور طارق حیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نواز شریف اور شوکت عزیز سمیت ثنا اللہ زہری، طارق فضل چودھری، انجم عقیل اور اسلیم رئیسانی کے خلاف بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس فہرست میں موجود 71 شخصیات کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے۔ سندھ میں اہم شخصیات کے خلاف 19 کیسز میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔خیبرپختونخواہ میں بھی 19 کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ بلوچستان میں 9 کرپشن کیسز اور پنجاب میں 20 کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔

سندھ میں وزیراعلیٰ سمیت دیگر وزرا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب کی اس فہرست میں کچھ حکومتی رہنماؤں کے نام بھی شامل ہیں جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا یہ اعتراض ضائع جائے گا کہ نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہے اور نیب صرف اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف ہی کارروائیاں کر رہی ہے۔