نیب آزاد ادارہ ہے‘ کسی بھی طرح ا ثر انداز نہیں ہوسکتے‘

نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں‘ نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں‘ بدعنوان عناصر احتساب کے خوف سے نیب کے خلاف غلط پروپیگنڈہکررہے ہیں‘ بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے‘ روس خطے کا اہم ملک ہے کوشش کررہے ہیں کہ خطے میں امن کے لئے تمام قوتوں کا تعاون حاصل کیاجائے‘ ہماری امریکی حکام سے بات چیت چل رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو ہمارے حوالے کردیا جائے‘ ریمنڈ ڈیوس اور شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 نومبر 2018 23:00

نیب آزاد ادارہ ہے‘ کسی بھی طرح ا ثر انداز نہیں ہوسکتے‘
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے‘ کسی بھی طرح ا ثر انداز نہیں ہوسکتے‘ نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں‘ نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں‘ بدعنوان عناصر احتساب کے خوف سے نیب کے خلاف غلط پراپیگنڈاکررہے ہیں‘ بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔

انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کے صدر چودھری الیاس کے زیر اہتمام منعقدہ عشائیہ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ روس بھی خطے کا اہم ملک ہے کوشش کررہے ہیں کہ خطے میں امن کے لئے تمام قوتوں کا تعاون حاصل کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے گزارش کرتا ہوںکہ مفادات کی سیاست سے بالا تر ہو کر خطے کے مفاد کیلئے سوچیں۔

ایران کی پیٹرولیم ایکسپورٹ متاثر ہوگی تو قیمتیں بھی متاثر ہونگی۔ پٹرول کی قیمت تب نیچے آئے گی جب خطے کے حالات ٹھیک ہوں گے۔یمن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یمن میں امن ہو اور غلط فہمیاں دور ہوں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت کو تاریخی کرنٹ اکاونٹ خسارہ ملا۔ ہماری برآمدات بہتر ہونگی تو ڈالر کے ریزرو میں اضافہ ہوگا۔

ہمارے جیسے جیسے ریزرو بڑھیں گے ڈالر کی قیمت میں کمی آئیگی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی صورتحال کو لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں‘ ہم بھارتی مظالم کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے کہنے پر ہم نے امن کیلئے کوشش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہماری قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ گھر پہنچ جائے۔ اگر عافیہ صدیقی کی بقیہ سزایہاں پوری ہو تو ان کی فیملی کو سہولت مل جائیگی۔

عافیہ صدیقی کیلئے جو قانونی طور پر ہو سکا وہ کریں گے۔ ہماری امریکی حکام سے بات چیت چل رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو ہمارے حوالے کردیا جائے۔ ریمنڈ ڈیوس اور شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ شکیل آفریدی نے پاکستان کے مفادات کیخلاف کام کیا۔انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے جو صاف ماحول کو سمجھتی ہے اور اس کیلئے شجر کاری کی مہم پر زور دے رہی ہے۔ جتنی فضائی آلودگی آج لاہور میں ہے اور کہیں نہیں۔ بھارت نے دھان جلایا ہے یہ بھی آلودگی کی ایک وجہ ہے۔ ماحول کو بہتر کرنے کیلئے ایک ٹھوس پروگرام حکومت سامنے لائیگی۔