نیب کو احتساب کے نام پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا کوئی حق نہیں،شاہد خاقان عباسی

آشیانہ سیکنڈل پر ڈی جی نیب لاہور کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں، شہباز شریف نے پنجا ب میں ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی ،فیاض الحسن چوہان دماغی مریض ہیں، سابق وزیر اعظم کی نجی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 10 نومبر 2018 23:44

نیب کو احتساب کے نام پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا کوئی حق نہیں،شاہد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کو احتساب کے نام پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا کوئی حق نہیں، احتساب سے نہیں گھبراتے ،مشرف دور میں بھی انتقام کا نشانہ بن،ے آشیانہ سیکنڈل پر ڈی جی نیب لاہور کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں شہباز شریف نے پنجا ب میں ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی جبکہ آشیانہ سیکنڈل سے خواجہ سعد رفیق کا کوئی تعلق نہیں اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے فیاض الحسن چوہان دماغی مریض ہیں ہفتہ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کو مناظرے کا چیلنج دے دیا ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر آ کر الزام لگانے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہئے نیب احتساب کے نام پر شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مخالفین الزامات لگا رہے ہیں تو ثبوت دینا پڑیں گے ۔ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے مشرف دور میں انتقام کا نشانہ بن چکے ہیں ،نواز شریف سمیت کسی مسلم لیگ ن کے رکن پر کرپشن کا الزام نہیں ہے ،شہبا زشریف کو بار بار ریمانڈ پر کیوں لیا جا رہا ہے ،وہ نیب کی حراست پر ہیں ،کسی پر اثر انداز نہیں ہو رہے نیب مسلم لیگی قائدین پر جھوٹے مقدمات بنا رہا ہے، انہیں صرف مسلم لیگ ن ہی کرپٹ نظر آتی ہے ،احتساب کرنا ہے توسب کا کیا جائے کسی ایک جماعت کو نشانہ نہ بنایا جائے، اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی، پنجاب پاور کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر کو شہباز شریف نے خود گرفتار کروایا جبکہ خواجہ سعد رفیق کا آشیانہ سیکنڈل سے کوئی تعلق نہیں ہے،نیب آمر کا بنایا ہوا کالا قانون ہے اسے ختم ہو جانا چاہئے، آمر کی با قیات ملکی تباہی کا سبب بن رہی ہیں، کوئی سرکاری افسر نیب کے خوف سے کام کرنے کو تیار نہیں، انہوں نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن کوذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے خرچ پر ان کا دماغی معائنہ کروائیں اگر وہ پاس ہو گئے تو میں جیل جانے کو تیار ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے جب حکومت چھوڑی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا ،موجودہ حکومت اپنے جھوٹ اور فضول بولنے کے باعث مشکلات کا شکار ہے جبکہ حکومت کے 100 روز پلان میں بھی ابھی تک کوئی سمت نظر نہیں آئی۔