اعلیٰ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل، سٹریٹیجک فریم ورک 2025ء کی تیاری جاری

منگل 13 نومبر 2018 13:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) ملک میں پرائمری سے لے کر پوسٹ ڈاکٹریٹ تک اعلیٰ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور رواں مالی سال کے بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے 34 ارب9کروڑ 79 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سٹریٹیجک فریم ورک 2025ء کی تیاری کی ہدایات پہلے سے ہی جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ فریم ورک ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق لانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں یہ فریم ورک مستقبل کیلئے اعلیٰ تعلیم کی سمت اور منزل کا تعین کرے گا اور اعلیٰ تعلیم کیلئے پانچ سالہ تعلیمی منصوبے اور قلیل المدتی منصوبوں کیلئے رہنمائی کرے گا، موجودہ حکومت نے چار برسوں میں اعلیٰ تعلیم کا بجٹ دوگنا کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ایک طرف پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت تعلیم بالخصوص تکنیکی مہارت کے منصوبے شامل ہیں جبکہ دوسری جانب امریکہ کے ساتھ تعلیمی راہداری (نالج کوریڈور) قائم کی گئی ہے جس کے تحت 10ہزار پی ایچ ڈی سکالرز تیارکئے جائیں گے۔