نواز شریف کا قطری خطوط سے لاتعلقی کا اظہار

قطری خط سے میرا کوئی تعلق نہیں، میں کسی بھی حیثیت سے ٹرانزیکشن کا حصہ نہیں رہا،نواز شریف کے واجد ضیاء کے بیانات پر بھی اعتراضات

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 نومبر 2018 14:53

نواز شریف کا قطری خطوط سے لاتعلقی کا اظہار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا قومی اسمبلی کی تقریر سے استشنیٰ کے بعد قطری خط سے بھی لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے دوسرے روز بھی العزیزیہ ریفرنس میں بیان ریکارڈ کرایا۔جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعتکی اور مسلسل دوسرے روز نواز شریف اپنا بیان قلمبند کرانے عدالت میں پیش ہوئے۔

نواز شریف اب تک مجموعی 151 سوالات میں سے 89 کے جواب دے چکے ہیں، گزشتہ روز انہوں نے 44 سوالات کے جواب دیے تھے، عدالت نے انہیں جانے کی اجازت دیتے ہوئے دوپہر 2 بجے دوبارہ طلب کیا۔ سماعت کے آغاز پر نواز شریف نے احتساب عدالت کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ 1999 کے مارشل لاء کے بعد ہمارے کاروبارہ کا ریکارڈ قبضے میں لیا گیا اور اس حوالے سے شکایت بھی درج کرائی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ میرا قطری خطوط سے کوئی تعلق نہیں۔میرا نام کہیں بھی کسی بھی دستاویزات میں شامل نہیں ہے جب کہ میں کسی بھی ٹرانزیکشن کا حصہ نہیں رہا۔نواز شریف نے واجد ضیاء کے بیانات پر اعتراض کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ جج صاحب ہمارے ساتھ یہ صرف 1999 میں نہیں ہوا، یہ ہمیشہ ہوتا آیا ہے، ہمارے خاندان کی درد بھری کہانی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 1972 میں پاکستان کی سب سے بڑی اسٹیل مل اتفاق فاؤنڈری کو قومیا لیا گیا، کسی نے نہیں پوچھا کہ کھانے کے پیسے بھی آپ کے پاس ہیں یا نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ میں تو 1972 میں سیاست میں بھی نہیں تھا، میں نے 80کی دہائی میں سیاست شروع کی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران نواز شریف نے 50 میں سے 44 سوالات کے جواب دئیے جس کے بعد انہیں مزید سوالات دئیے، احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم وزیراعظم سے مجموعی طور پر 151 سوالات پوچھے گئے ہیں۔سوال و جواب کے دوران نواز شریف نے اپنی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر پر ایک مرتبہ پھر استثنیٰ مانگا اور کہا کہ قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کسی عدالت کے سامنے پیش نہیں کی جاسکتی، آئین کے آرٹیکل 66کے تحت قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کو استثنیٰ حاصل ہے۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کر رہی ہے، اس سے قبل احتسابعدالت نے انہیں ایون فیلڈ ریفرنس میں 11 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کے لیے فاضل جج ارشد ملک کو سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن 17 نومبر کو ختم ہورہی ہے۔احتساب عدالت کی جانب سے ٹرائل کی مدت میں ساتویں بار توسیع کے لیے سپریم کورٹسے رجوع کا بھی امکان ہے۔