گورنر پنجاب سے وزیرمحنت انصرمجید خان کی ملاقات

جمعرات نومبر 20:00

گورنر پنجاب سے وزیرمحنت انصرمجید خان کی ملاقات
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل انصرمجید خان کی قیادت میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، رکن صوبائی اسمبلی فیصل فاروق چیمہ، ضلعی صدر تحریک انصاف سرگودھا عنصراقبال اور ریجنل صدر پی ٹی آئی سرگودھا عطا اللہ خان شادی خیل ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے، وزیرمحنت انصرمجیدخان نے گورنر پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سماجی انصاف کی فراہمی اور سابق حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ابتر معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حقیقی اصلاحی اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے 100روزہ ایجنڈے پر ضلع سرگودھا میں بھی تیزی سے کام جاری ہے اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے عوامی نمائندے دن رات محنت کر رہے ہیں، وفد کے ارکان نے پنجاب کی تعمیر و ترقی کے عمل میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے کردار کو سراہا اورکہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی قیادت میں عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔