دہشت گردی کے حوالے سے بلوچستان فرنٹ پر ہے ،قاسم خان سوری

نا مناسب حالات میں حالات کا مقابلہ کرنے والوں پر فخر ہے، بلوچستان دشمن کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے عوام اور پاک افواج ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

پیر 19 نومبر 2018 22:46

دہشت گردی کے حوالے سے بلوچستان فرنٹ پر ہے ،قاسم خان سوری
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے بلوچستان فرنٹ پر ہے اس نا مناسب حالات میں حالات کا مقابلہ کرنے والوں پر فخر ہے بلوچستان دشمن کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے عوام اور پاک افواج ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں فورسز اور عوام کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا ہے پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہیگا پاکستان کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو ایکسلینس ایوارڈ2018کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سینیٹرسردار یعقوب خان ناصر،انوارالحق کاکڑ،صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی ،حاجی محمدخان لہڑی،ارکان صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی ،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی،رکن قومی اسمبلی منورہ منیر ،سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرجاوید اقبال ،سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسررخسانہ جبین ،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باوجوہ ،آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم اور میجر جنرل فیاض حسن شاہ ،آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ملک و قوم کے رکھوالوں نے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ ملکر ملک بھر کی طرح بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا ہے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی کیونکہ فورسز کے شہداء نے عوام کے ساتھ ملکر امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے بلوچستان دہشت گردی کے حوالے سے فرنٹ پر ہے ان نامناسب حالات کا مقابلہ کرنے والوں پر فخر ہے بلوچستان دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے عوام اور پاک فوج ملک دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو شکست فاش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہنے کیلئے بنا ہے پاکستان کی دھرتی ہمارے لئے ماں کا درجہ رکھتی ہے جس کی حفاظت کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے عوام ، پاک فوج اوررقانون نافذ کرنے والے ادارے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گے اور ادارے انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کر رہے ہیں تاکہ عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوسکیں۔

بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ، کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باوجوہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم ،میجر جنرل فیاض احمد شاہ ،سینیٹر سرداریعقوب خا ن ناصر،سینیٹرانوارالحق کاکڑ،صوبائی وزیر خزانہ عارف جان محمدحسنی ،پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔