تحریک انصاف کی حکومت ماحولیات کو اہم ترجیح دیتی ہے ،ْچوہدری فواد حسین

ہفتہ 1 دسمبر 2018 16:41

تحریک انصاف کی حکومت ماحولیات کو اہم ترجیح دیتی ہے ،ْچوہدری فواد حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ماحولیات کو اہم ترجیح دیتی ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں آمد پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پارلیمنٹرین الیون کا حصہ تھے، ٹیم میں ان کے علاوہ وزراء حکومت علی زیدی، شہریار آفریدی، اراکین اسمبلی علی اعوان، شیخ راشد شفیق، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے علاوہ حامد میر، کاشف عباسی، ذیشان نقوی، عاصم رضا اور محمد مالک شامل تھے جبکہ پی سی بی الیون میں ذاکر خان، شعیب اختر، عمر گل، زلفی بخاری سمیت دیگر نمایاں تھے۔

اس دوستانہ کرکٹ میچ کا اہتمام وزارت اطلاعات اور مارگلہ ٹینس و کرکٹ کلب کی جانب سے کیا گیا تھا جس کا مقصد وزیر اعظم و چیف جسٹس کے دیامیر، بھاشا و مہمند ڈیم فنڈ کیلئے پیسے اکھٹے کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ اور سینئر اینکر کے درمیان دلچسپ او ر طنز و مزاح کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ ایک موقع پر جب وزیر اطلاعات سے کہاگیا کہ وہ پارلیمنٹرین اور میڈیا اینکرز کے درمیان میچ رکھیں اور اس پر چوہدری فواد حسین نے جواب دیا کہ میڈیا اینکرز کے ساتھ تو روزانہ میچ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ میچ کابینہ اور اپوزیشن کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر چیف جسٹس سپریم کورٹ یہاں موجود ہوتے تو انہیں بھی میچ کیلئے مدعو کیا جاتا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا کہ آج کا ایونٹ بہت اچھا اور زبردست ہے ، وہ کافی عرصہ بعد کرکٹ کھیلیں گے جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بھی ایونٹ کو ایک اچھی کاوش قرار دیا ۔