Live Updates

وزیر اعظم کا لاہور کا ایک روزہ دورہ

تاجروں کے وفد اور گورنز پنجاب سے ملاقاتیں ، پنجاب کی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت بہتر اقدامات کر رہی ہے، صنعت کی بحالی ملکی معیشت میں بہتری لائے گی ،عمران خان

ہفتہ 1 دسمبر 2018 22:13

وزیر اعظم کا لاہور کا ایک روزہ دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا ۔ ایک روزہ دورہ کے دوران وزیر اعظم نے تاجروں کے وفد اور گورنز پنجاب سے ملاقاتیں کیں جبکہ پنجاب کی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا ۔تفصیلات کے مطابق تاجروں کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، وفد میں لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیدار اور صنعتکار شریک تھے جنہوں نے درپیش مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے صنعت کاروں کو نئی صنعتی پالیسی کے اہم خدوخال سے آگاہ کیا اور موقع پر اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت بہتر اقدامات کر رہی ہے، صنعت کی بحالی ملکی معیشت میں بہتری لائے گی۔عمران خان نے کہا کہ 2013 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ڈھائی ارب ڈالر تھا، جاری کھاتوں کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مشکل حالات سے نکلنے کیلئے چار بنیادی اقدامات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کا مثبت ردعمل ملا ہے۔ حکومت برآمدات میں اضافے کیلئے برآمد کنندگان کو ہرممکن سہولت دے گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، ملائیشا میں بہت سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔منی لانڈرنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 10 ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ ہے، ہم اس پر قانون لانے لگے ہیں، منی لانڈرنگ کے خلاف ہم زبردست کریک ڈاون کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کی 2ہزار ارب ڈالر کی منڈی ہے جس میں ہماری کوئی حصہ ہی نہیں۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ گئی ہے، سرمایہ کار پیسہ بنا رہے ہیں یا پیسہ لا رہے ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔دوسری جانب وزیر اعظم سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میںصوبے کے انتظامی امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

گورنرہاؤس کی دیواریں گرانے سمیت دیگرتجاویزپرغورکیاگیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے پنجاب کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اظہار اطمینان کیا۔ جس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات کا فیاض الحسن چوہان نے ایوان وزیر اعلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورے کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ایم سیکرٹریٹ کا خرچہ پہلے 55 لاکھ روپے ماہانہ تھا جو اب کم ہو کر 8 لاکھ روپے ہو چکا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا گورنر ہاؤس کوئی تاریخی جگہ نہیں، ایک آفس ہے اور وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 48 سے 72 گھنٹے میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا واضح کیا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں پہلے خالصتاً سیاسی بنیادوں پر بنائی جاتی تھیں، نئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں بہتر کام کریں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات