خصوصی بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارکر معاشرے کا کار آمد حصہ بنایا جا سکتا ہے، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر

پیر 3 دسمبر 2018 23:32

لاہور ۔3 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو اللہ نے خصوصی صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے ہمیں چاہئے کہ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو تلاش کر کے انہیں معاشرے کا کارآمدحصہ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی چائلد ویلیفئر سنٹر کے زیر اہتمام معذوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے کیا۔

تقریب میںسابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ارشد محمود، ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں،پرنسپل چائلڈ ویلفیئر سنٹر عائشہ وجہہ اللہ، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوپیش کرکے شرکاء سے خوب داد وصول کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد اختر نے کہا کہ خصوصی بچے ہمارا سرمایہ ہیں اور یہ ہمارے لئے ایک بہترین موقع ہیں اور ان بچوں کی خصوصی پرفارمنس دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان میں بہت سی صلاحیتیں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ان بچوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ چائلڈ ویلیفئر سنٹر میں ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے خصوصی بچوں کی صلاحیتیں سامنے آ سکیں۔