عطاالحق قاسمی کا مریم اورنگزیب کے خلاف بیان؛ مریم اورنگزیب کا رد عمل آ گیا

عطاالحق قاسمی سے کوئی اختلاف نہیں میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں، ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 5 دسمبر 2018 15:39

عطاالحق قاسمی کا مریم اورنگزیب کے خلاف بیان؛ مریم اورنگزیب کا رد عمل ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 دسمبر 2018ء) سابق چئیرمین پی ٹی وی عطاءالحق قاسمی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے خلاف بول اُٹھے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے غیر قانونی تقرری کیس میں پھنسایا گیا ہے۔ عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ مریم اورنگزیب جھوٹی ہیں اور کسی سے مخلص نہیں ہیں۔ مریم اورنگزیب نے میرے خلاف جھوٹا کیس بنایا۔جس پر پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا ردِ عمل سامنے آیا ہے ان کا کہنا ہے کہ میں عطا الحق قاسمی کی بہت عزت کرتی ہوں میرا ان سے کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف بڑے لیڈر ہیں وہ کسی سے پوچھ کر سیاسی فیصلے نہیں کرتے اور ہم سب ان کے مشورے پر عمل کرتے ہیں۔خیال رہے نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں عطاء الحق قاسمی نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کو نہ میرا پتہ تھا کہ عطاء الحق قاسمی کون ہے اور نہ ہی کسی اور صحافی کا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مجھے تیور دکھائے ، لیکن انہیں علم نہیں تھا کہ تیور اُسے دکھائے جاتے ہیں جسے نوکری کا شوق ہو اور میرا ایسا کوئی شوق نہیں تھا۔

یہی وجہ تھی کہ میری اور ان کے درمیان کھچاؤ پیدا ہو گیا۔ مریم اورنگزیب بہت جھوٹ بولتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سازشی ٹولے نے میاں نواز شریف کو پوری طرح گھیر رکھا ہے۔ کچھ لوگ میاں نواز شریف کو پھنسانا چاہتے تھے لیکن پرویز رشید نے انہیں بچا لیا۔ پرویز رشید عظیم آدمی ہیں۔ انہوں نےسارا ملبہ اپنے اُوپر لے لیا اور نواز شریفکو بچا لیا۔

عطا ء الحق قاسمی نے مزید کہا کہ میں عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کروں گا اور اگر میری اپیل مسترد ہو گئی تو میں جیل جاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے آج تک کوئی بھی کام پیسوں کے لیے نہیں کیا۔ میں نے کروڑوں روپوں کو لات ماری ہے۔ میرے پاس ایک صاحب آئے تھے ، لیکن میں ان کا نام نہیں لوں گا، انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ اخبار نکالیں ، میں نے کہا کہ اُس کے لیے تو کروڑوں روپے چاہئیں۔ جس پر انہوں نے مجھے کہا کہ آپ اس کی فکر نہ کریں۔ پھر ایک اور صاحب نے ان کی پیشکش قبول کر لی اور ان کے آج بڑے بڑے پلازے ہیں۔ عطا ء الحق قاسمی نے کہا کہ جس نے مجھے اخبار نکالنے کی پیشکش کی وہ ایجنسی کا آدمی تھا اور جس نے ان کی پیشکش پر بعد میں اخبار نکالا وہ ایک سیاستدان ہے۔