سرکاری اور پرائیویٹ کمپنیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی،کمشنرڈی آئی خان

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ درازندہ سب ڈویژن سمیت ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں تیل اور گیس تلاش کرنے والی سرکاری اور پرائیویٹ کمپنیوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں دیگر لوگوں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، ٹانک، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر ، سیکرٹری ٹو کمشنر، فاٹا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے آئل اینڈ گیس فسیلٹیشن یونٹ کے نمائندوں ، الحاج انٹر پرائز پرائیویٹ لمیٹڈکے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جنوری 2019ء سے درازندہ سب ڈویژن میں تیل اور گیس کی تلاش شروع کرنے اور متعلقہ کمپنیوں /اداروں کے اہلکاروں اور مشینری وغیرہ کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلے میں تفصیلی غورو خوص کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایس او پیز اور متعلقہ ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ متعلقہ کمپنیاں بلا خوف و خطر تیل اور گیس کی تلاش کا کام جاری رکھ سکیں۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ان کمپنیوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس، خاصہ دار فورس، لیویز، ایف سی کے ساتھ ساتھ پاک فوج کی اعانت بھی شامل رہے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تیل اور گیس فسیلٹیشن یونٹ کے تحت ابتدائی طور پر تیل اور گیس کی تلاش کا کام ڈیرہ اسماعیل خان کے مدغم سب ڈویژن درازندہ میں شروع کیا جا رہا ہے جسے بعد میں جنوبی وزیرستان اور ضلع ڈیرہ کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جائیگی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیز پر زور دیا کہ وہ گیس کمپنیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے آپس کے روابط کو مزید بہتر بنا کر ان کی سیکورٹی کا ایک مربوط نظام مرتب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کی نوبت پیش نہ آئے۔ کمشنر ڈیرہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ علاقے کے لوگوں کو بھی اعتماد میں لیں اور انہیں بتائیں کہ یہ کاوشیں نہ صرف ملک و قوم بلکہ ان کے اپنے علاقے اور ان کے ذاتی مفاد میں ہیں کیونکہ کامیابی کی صورت میں سب سے پہلے وہی ان کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔