فواد چوہدری کی برطانوی اور ہالی وڈ اداکاروں کو پاکستان میں شوٹنگ کی دعوت

اس وقت پاکستان میں 187 سنیما گھر فعال ہیں، آئندہ سالوں میں سنیماؤں کی تعداد ایک ہزار تک بڑھانا چاہتے ہیں ،ْوزیر اطلاعات

ہفتہ 8 دسمبر 2018 13:36

فواد چوہدری کی برطانوی اور ہالی وڈ اداکاروں کو پاکستان میں شوٹنگ کی ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے برطانوی اور ہالی وڈ اداکاروں کو پاکستان آنے اور شمالی علاقی جات میں شوٹنگ کی دعوت دی ہے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے برطانوی فلم انسٹیٹیوٹ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس میں فلم فنڈ کے قیام، سرٹیفکیشن کیلئے برطانوی فلم انسٹی ٹیوٹ سے تعاون پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں فواد چوہدری نے فلم انسٹیٹیوٹ کے حکام کو میڈیا یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستانی فلمی صنعت کی بحالی و ترقی چاہتے ہیں جس کیلئے فلم فنڈ قائم کیا جائے گا، یونیورسٹی فلم اور پرفارمنگ آرٹ سے متعلق تعلیم و تربیت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ برطانوی اور ہالی وڈ کے اداکار پاکستان آئیں اور شمالی علاقوں میں شوٹنگ کریں، پاکستان کے شمالی علاقے دنیا بھر میں قدرتی حسن کی وجہ سے مشہور ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں فلمی صنعت کی ترقی کیلئے بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے اور حالیہ دنوں میں بیرون ملک سے تربیت یافتہ نوجوانوں نے متعدد کامیاب فلمیں بنائیں۔