Live Updates

سپریم کورٹ اور وزیراعظم دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم میں اب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب روپے تک عطیات جمع کرائے ہیں‘ سٹیٹ بینک آف پاکستان

اتوار 9 دسمبر 2018 19:00

سپریم کورٹ اور وزیراعظم دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم میں اب تک بیرون ملک ..
اسلام آباد۔ 9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان اور وزیراعظم پاکستان دیامر بھاشا اور مہمنڈ ڈیم میں اب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب روپے تک عطیات جمع کرائے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 6 دسمبر تک ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر 8.46 ارب روپے جمع ہو چکے ہیں۔

سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے اب تک 99 کروڑ روپے کے عطیات جمع کرائے۔ پاکستان میں مختلف اداروں، شخصیات اور مخیر حضرات کی جانب سے ڈیم فنڈ میں اب تک 7.47 ارب روپے جمع کرائے جا چکے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے 6 جولائی کو اس فنڈ کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے بھی اس اقدام کی حمایت کی اور ڈیم فنڈ کا نام چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم ڈیم فنڈ رکھا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے فنڈز کے عطیات کی اپیل کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے فراخدلی سے عطیات کا سلسلہ شروع کیا۔ ڈیم فنڈ کے لئے عطیات جمع کرانے کی غرض سے چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ دنوں میں برطانیہ کا دورہ بھی کیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے اب تک 362 ملین، برطانیہ 214 اور کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے 107 ملین روپے کے جمع کرائے ہیں۔

اسی طرح سعودی عرب اور قطر سے بالترتیب 40، 40 ملین روپے کے عطیات جمع ہو چکے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں نے بالترتیب 32 اور 65 ملین روپے کے عطیات جمع کرائے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے بتایا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی کا جوش و ولولہ لائق تحسین ہے، سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا ہے جس کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ایسوسی ایٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا چکا ہے جو ڈیموں کی تعمیر تک عطیات جمع کرائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات