Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہو گا

وزراء کی 100روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس کے لئے سارا دن وقف کردیا ، دیگر مصروفیات منسوخ کردی

اتوار 9 دسمبر 2018 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج(پیر کو ) ہوگا جس میں وزراء کی 100روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس کے لئے سارا دن وقف کردیا ہے اور دیگر مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس میں آج صبح ساڑھے دس بجے کابینہ کا خصوصی ا جلاس شروع ہوگا جو شام تک جاری رہے گا ،اجلاس میں وزارتوں ،ڈویژنوں کو کارکردگی بیان کرنے کا موقع دیا جائیگا ،ہروزارت اور ڈویژن کو بریفنگ کیلئے دس منٹ میسر ہونگے ، بریفنگ کے بعد پانچ منٹ سوالات و جوابات کے ہونگے ،مختلف وزارتوں و ڈویژنوں کی کارکردگی رپورٹ 27نومبر کو جمع کرائی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق کارکردگی کی بنیاد پر وزراء کے قلمدان تبدیل ہونے کا بھی امکان ہے، یادرہے وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزراء سے کارکردگی رپورٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، تمام کابینہ ارکان کو آج کے اجلاس میں شرکت اور حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیراعظم کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر وزراء کے قلمدانوں میں ردوبدل بھی کریں گے، واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے دو وزراء اپنے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات کی بنیاد پر پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں، بابر اعوان کے خلاف نیب ریفرنس دائر ہونے اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کے آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں اثرانداز ہونے کے الزام کے باعث وفاقی حکومت کے پہلے سو روز کے دوران ہی اپنے عہدوں سے ہاتھ دھوناپڑے تھے، ان دونوں مستعفی ہونیوالے وزراء کی جگہ بھی نئے وزراء کو قلمدان سونپے جانے کا امکان ہی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات