Live Updates

ملک بھر میں گیس کا بحران سراٹھانے لگا

وزیرِاعظم نے سوئی سدرن اورسوئی نادرن کے ایم ڈیزکے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 12 دسمبر 2018 19:02

ملک بھر میں گیس کا بحران سراٹھانے لگا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) سوئی گیس کے بحران پر وزیرِاعظم نے سوئی سدرن اورسوئی نادرن کے ایم ڈیزکے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں صنعتوں کو گیس کی سپلائی کا سلسلہ منقطع کردیا جائے تاکہ گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کی جاسکیں ۔

تاہم اس پر کراچی کی صنعتی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے۔اس ساری بحرانی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان بھی میدان میں آگئے ہیں ،وزیرِاعظم نے سوئی سدرن اورسوئی نادرن کے ایم ڈیزکے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سوئی سدرن ، سوئی نادرن کے ایم ڈیز کیخلاف تحقیقاتی کارروائی 72گھنٹے میں مکمل کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیرپیٹرولیم تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے اوگرا کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی ہے۔ سوئی سدرن نے اس حوالے سے باقاعدہ سمری تیار کرکے اوگرا کو ارسال کی ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ 18 دسمبر کو کراچی میں ہو گی۔ سندھ اور بلوچستان کے عوام تیار ہوجائیں، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے لئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے اوگرا کو درخواست ارسال کر دی۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس وقت گیس 671 روپے 84 پیسے فی بی ٹی یو میں خریدی جارہی ہے جبکہ 587 روپے 55 پیسے فی بی ٹی یو میں فروخت ہورہی ہے جس کے باعث کمپنی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے اوگرا سے سفارش کی ہے کہ مالی سال 19-2018 میں گیس کی قیمتوں میں 84 روپے 30 پیسے فی بی ٹی یو اضافہ کیا جائے، قیمتوں میں اضافے کی شنوائی 18 دسمبر کو کراچی میں ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات