جسٹس ہیلپ لائن انوی ٹیشن شہدائے پولیس و رینجرز پیس مشن سائیکل ریس 16دسمبرکو ہوگی

جمعرات 13 دسمبر 2018 19:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) جسٹس ہیلپ لائن کے چیف ندیم شیخ کی سپر ویژن ، پاکستان ایڈونچر سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر عرفان حنیف کی ہدایات اور کراچی وسندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی چیف آرگنائزنگ شپ میں پولیس و رینجرز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 16دسمبربروز اتوار کو ایک عظیم الشان ’’جسٹس ہیلپ لائن انویٹیشن شہدائے پولیس و رینجرز پیس مشن سائیکل ریس ‘‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

اس سائیکل ریس کا افتتاح جسٹس ہیلپ لائن کے سربراہ ندیم شیخ مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے فلیگ آف کرکے کرینگے۔ مزار قائد سے روانہ ہوکر سائیکلسٹ یونیورسٹی روڈ، جیل روڈ، پرانی سبزی منڈی، سوک سینٹر، گلشن اقبال، نیپا فلائی اوور، سفاری پارک، گلستان جوہر، راشد منہاس روڈ، ڈرگ روڈ، شاہراہ فیصل، ملیر ، لانڈھی اور نیشنل ہائی وئے رزاق آباد سے ہوتی ہوئی اسٹیل ٹاؤن جاکر واپس ہوگی اور عوامی مرکز شاہراہ فیصل واپس پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔

(جاری ہے)

سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کے لئے ڈی جی رینجر ز سندھ ، آئی جی سندھ، کیپٹل سٹی پولیس چیف کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے سیکورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ چیف آرگنائزر کلیم اعوان نے بتایا کہ کراچی بھر سے قومی و بین الاقوامی 100سے زائد سائیکلسٹوں نے رجسٹریشن کروالی ہے۔ ریس کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیا ں اور خصوصی اسناد تقیسم کی جائیں گی۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی جسٹس ہیلپ لائن کے چیف ندیم شیخ ہونگے۔