تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی 6 دن سے بلوں میں گھسے ہوئے ہیں، یقین دہانی کے باوجود سندھ کے گیس بحران کا کوئی حل نہیں نکالا گیا، امتیاز شیخ

ْ

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی 6 دن سے بلوں میں گھسے ہوئے ہیں، یقین دہانی کے باوجود سندھ کے گیس بحران کا کوئی حل نہیں نکالا گیا، وفاقی وزیر فیصل واڈا کو آئین کا ادراک نہیں ہے ،گیس بجلی پٹرول وفاق کے کنٹرول میں ہے ،وفاقی وزیر غلط بیانی کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔

صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے امتیاز شیخ نے وفاقی حکومت اورتحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ نہ وزیراعظم کی چلتی ہے نہ وفاقی وزیر کی، ادارے اِن کے قابو سے باہر ہیں، بیوروکریسی ان کی سن نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کا گیس کوٹا کاٹ کر دوسروں کو کیوں دیا گیا وفاق سے محاذ آرائی نہیں،آئین و قانون کے تحت صوبے کے مفادات کا تحفظ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر توانائی سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی وزیرپیٹرولیم نے کل تک گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے،پی ٹی آئی ارکان کہاں ہیں جو بہت باتیں کررہے تھی ۔ان کاکہنا تھا کہ سندھ کا کوٹا 10 ہزار سے 11 سو ایم ایم سی ایف ڈی ہے، سندھ 27 سو ایم ایم سی ایف ڈی پیدا کرتا ہے، سندھ سے گیس کی پیداوار میں کوئی کمی نہیں ہوئی،کوٹے میں سے بھی حصہ کاٹ کر دوسرے صوبوں کو کیسے دے دیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ گیس کے بحران سے سندھ بھر میں بیروزگاری کا مسئلہ سراٹھا رہا ہے، لوگ پریشان ہیں، مارنے پیٹنے کی نوبت آگئی ہے،پی ٹی آئی کے مشیرحکومت کو غلط مشورے دے رہے ہیں۔صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کہا کہ گیس بحران کے حل کے لئے اگر وفاقی حکومت کو ان سے تعاون مانگنے میں شرم آتی ہے تو سمیع اللہ خان جیسے بزرگوں سے مشورہ لے لیں۔انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر فیصل واڈا کو آئین کا ادراک نہیں ہے ،گیس بجلی پٹرول وفاق کے کنٹرول میں ہے ،وفاقی وزیر غلط بیانی کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے ،گیس آگر صوبائی مسلہ ہے تو اوگرا اور سوئی سدرن گیس کس کے کنٹرول میں ہے ،وفاقی وزرا کی لاعلمی کا یہ عالم ہے تو اللہ ہی ملک پر رحم کرے ،وفاقی وزیر جھوٹ بول کر سندھ کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔