وفاقی وزیر پٹرولیم سرور خان نے کراچی میں متنازعہ بیان دے ڈالا

کراچی والے تو موجیں کررہے ہیں ،انکے مزے ہیں ،جا کر پنجاب میں دیکھیں وہ بیچارے ایل این جی پر گزراہ کررہے ہیں،سرور خان

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:40

وفاقی وزیر پٹرولیم سرور خان نے کراچی میں متنازعہ بیان دے ڈالا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 دسمبر2018ء) :وفاقی وزیر پٹرولیم سرور خان نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں کی موجیں لگی ہوئی ہیں کبھی پنجاب میں جا کر دیکھیں ایل این جی پر گزارہ ہو رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں صنعتوں کو گیس کی سپلائی کا سلسلہ منقطع کردیا جائے تاکہ گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کی جاسکیں ۔تاہم اس پر کراچی کی صنعتی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے۔اس ساری صورتحال میں کراچی کے شہریوں نے شدید پریشانی اٹھائی۔وفاقی وزیر گیس و پٹرولیم کراچی پہنچے تو انہوں نے کراچی میں سی این جی اسٹیشن کھلوانے کا اعلان کیا جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا،تاہم وفاقی وزیر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی والوں کے زخموں پر نمک چھڑگ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متنازعہ بیان دے دیا۔انکا کہنا تھا کہ کراچی والو آپ تو مزے میں ہیں آپ کی موجیں لگی ہوئی ہیں ، جا کر پنجاب والوں سے پوچھیں وہ بیچارے ایل این جی پر گزارہ کر رہے ہیں۔کراچی کی عوام نے اس بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبائیت کی آگ بھڑکانے کے مترادف قرار دے دیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس حکومت نے ہماری زندگی اجیرن بنا دی ہے اور مزید ہمیں طعنے بھی دیتے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب کی صنعتوں کو چلانے کے لیے ایل این جی پر منتقل کیا، فیصل آباد میں سوسے زائدبند کارخانے اور صنعتیں کھلوائیں۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سوئی سدرن کے ساتھ گیس لوڈ مینجمنٹ پر نظر رکھیں گے، سی این جی سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور گیس کی بندش میں کمی کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹ کو سردیوں کے تین مہینوں میں پچاس فی صد گیس فراہم کریں گے،کوشش ہے کہ یہ کمی بھی نہ ہو، لیکن گیس سپلائی میں کمی کی وجہ سے بعض علاقوں میں گیس پریشر کم ہے۔ غلام سرور خان نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر سندھ حکومت سے بھی اس مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کی ہے۔