ایرانی سفیر دفتر خارجہ طلب ، پاکستانی فوجیوں پر حملے کی شدید مزمت اور احتجاج ریکارڈ کرایا گیا

اتوار 16 دسمبر 2018 00:40

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستانی فوجیوں پر خوفناک حملے کی شدید مزمت اور احتجاج ریکارڈ کرایا جس میں گزشتہ رات6پاکستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ پاک ایران سرحد پر گشت کی ڈیوٹی پر مامور ایف سی کے ایک قافلے پر گزشتہ شب دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 6جوان شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں 14 فوجی زخمی بھی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ایران کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایران پر زور دیا گیا ہے کہ اس حملے میں ایرانی سرحدی حدود سے حملہ کرنے والے دہشت گرد گروپ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔