Live Updates

آصف علی زرداری ان سزائوں کے بارے میں پریشان ہیں جو وہ کرپشن کیسز میں توقع کر رہے ہیں، قومی مفادات کے خلاف بیانات دینا آصف علی زرداری کی عادت ہے، بالخصوص اپنے دور حکومت میں کی گئی کرپشن کی وجہ سے انہیں جیل سے فرار کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی

تمام بدعنوان عناصر کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا، وہ سب جیل جائیں گے اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں گے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 16 دسمبر 2018 07:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ان سزائوں کے بارے میں پریشان ہیں جو وہ کرپشن کیسز میں توقع کر رہے ہیں، قومی مفادات کے خلاف بیانات دینا آصف علی زرداری کی عادت ہے بالخصوص اپنے دور حکومت میں کی گئی کرپشن کی وجہ سے انہیں جیل سے فرار کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام بدعنوان عناصر کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا، وہ سب جیل جائیں گے اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں گے، متعدد اپوزیشن رہنما جو کرپٹ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں این آراو جیسے طریقے ڈھونڈنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اندرون سندھ میں عوامی جلسے منعقد کر رہے ہیں لیکن وہ وہاں سے عوام کی حمایت حاصل نہیں کر سکے، ان کا سیاسی کیریئر ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو عوام نے تمام کرپٹ افراد کا احتساب کرنے کے وعدے پر مینڈیٹ دیا ہے۔ یہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بدعنوان رہنمائوں کے عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے قومی اداروں کو مضبوط بنانا بہت ضروری ہے، موجودہ حکومت کو گورننس اور معاشی بحران کا سامنا ہے اور حکومت ان سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ تمام وزارتوں نے اپنے اخراجات کم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ ریاست کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا وزیراعظم عمران خان کے وژن میں ہے۔ ایک سوال کے جواب نے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت تمام فریقین کے اتفاق رائے سے قانون سازی کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات