ملک میں سردی کی شدید لہر، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا

آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان کالام اور اسکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 9 ،ْاسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا

اتوار 16 دسمبر 2018 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدید لہر اتوار کو بھی برقرار رہی ،ْ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقے کالام اور اسکردو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،ْ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور مری صفر اور ملتان میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند رہی، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے پر حد نگاہ صفر سے 25 میٹر رہ گئی ہے جس کے بعد ڈرائیونگ کے دوران فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب کے شہر لودھراں اور بہاولپور شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔