سی پی ڈی آئی کی ریسرچ سٹڈی میں پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ نے اول پوزیشن حاصل کی

پنجاب اسمبلی کی منفرد کامیابی پر متعلقہ افسران کو تعریفی اسناد دی جائیں گی ‘ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی

منگل 18 دسمبر 2018 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) دسمبر 2013میں ’’پنجاب شفافیت اور معلومات تک رسائی کے قانون 2013 ----‘‘کے تحت پنجاب کے تمام محکمہ جات میں پبلک انفرمیشن آفیسرز مقرر کئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے معلومات تک رسائی کے قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے دو افسران، سینئر ریسرچ آفیسر عبیدہ ہارون اور سینئر ٹرانسلیٹر ہارون احمد خان کو ان کی بنیادی ذمہ داریوں کے علاوہ پبلک انفرمیشن آفیسرز کی ذمہ داریاں بھی تفویض کیں۔

تب سے مذکورہ بالا دونوں افسران حکومتی احکامات کے مطابق عوام کو اسمبلی سے متعلق معلومات فراہم کرتے رہے ہیں۔سی پی ڈی آئی کی ٹیم نے صوبہ پنجاب کے تمام صوبائی محکموں بشمول پنجاب اسمبلی اور لاہور ہائی کورٹ کی ویب سائٹس کے بارے میں ایک ریسرچ سٹڈی کی ہے اور ان ویب سائٹس کا جائزہ لیا کہ صوبائی محکموں نے دسمبر 2013 میں منظور ہونیو الی-" پنجاب شفافیت اور معلومات تک رسائی کے قانون 2013 ----" کی دفعہ 4 کے تحت فعال انکشاف Proactive disclosure) (کے ذریعے عوام الناس کے لئے اپنے محکمے سے متعلق معلومات کس حد تک افشاء کی ہیں۔

(جاری ہے)

سی پی ڈی آئی ایک سول سوسائٹی آرگنائزیشن ہے جو پاکستان میں امن اور ترقی کے ایشوز اور بہتر قانون سازی اور معلومات تک رسائی کے قوانین کے اطلاق کے بارے میں کام کررہی ہے۔اس سلسلے میں سینتیس محکموں کی ویب سائٹس کا جائزہ لیا گیا۔ پبلک سے بھی feed backلیا گیا۔ اس ریسرچ سٹڈی کے مطابق صوبائی اسمبلی پنجاب کی ویب سائٹ(www.pap.gov.pk)نے اسی فیصد (80%) نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

دوسرے نمبر پر محکمہ زکو ة و عشر رہا ، جس نے اکسٹھ فیصد (61%) نمبر حاصل کیے جبکہ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے چون فیصد (54%) نمبر وں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔باقی تمام محکموں نے 50% سے کم نمبر حاصل کیے ہیں۔ صوبائی اسمبلی پنجاب نے اپنی پبلک ویب سائٹ پر تمام معلومات فراہم کی ہیں جن میں اسمبلی سے منظور شدہ قوانین، پرائیویٹ ممبر بلز، اراکین کی حاضری، پنجاب میں نافذالعمل قوانین،اراکین پنجاب اسمبلی ، افسران واہلکاران کی ڈائریکٹری اور دیگر متعلقہ معلومات شامل ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی اس شاندار کارکردگی کے پیچھے پنجاب اسمبلی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر طارق محمود، پبلک انفرمیشن افسران عبیدہ ہارون ، سینئر ریسرچ افسر اور ہارون احمد خان ، سینئر ٹرانسلیٹر، ایڈمنسٹریٹر آٹومیشن سلطان مسعود اور کمپیوٹر پروگرامر سہیل ذیشان کی بھر پور کاوشیں شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ہمیشہ اجلاسوں سے متعلقہ تمام تر معلومات اور ایوان کی کاررائی کو اپ ٹوڈیٹ رکھا ہے۔

تمام اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر افراد کسی بھی وقت اسمبلی کی ویب سائٹس سے پنجاب اسمبلی سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو بروقت معلومات فراہم کرنے میں ان افسران کی مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے دیگر شعبوں نے بھی معلومات کی بروقت اشاعت میں اہم کردار ادا کیا۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی اس منفر د کامیابی پر ان تمام افسران کو تعریفی اسناد د ی جائیں گی۔