قبائلی پٹی ،بالخصوص جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے غیور قبائل نے ملکی بقاء ،سلامتی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، پرویز خٹک، شاہ فرمان

قبائلی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے ،زندگی کی بنیادی سہولیات مہیا کرنے کیلئے حکومت کسی بھی قسم کادقیقہ فرو گزاشت نہیں کریگی، بیروزگاری کے سدباب کیلئے آنیوالے تین مہینوں میں قبائلی پٹی میں 13ہزار سے زائد افراد کو نوکریاں دی جائینگی ، وزیر دفاع اور گورنر خیبرپختونخوا کا جرگے سے خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 18:27

قبائلی پٹی ،بالخصوص جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے غیور قبائل نے ..
جنوبی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے کہاہے کہ قبائلی پٹی اور بالخصوص جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے غیور قبائل نے ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جس کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،قبائلی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے لئے حکومت وقت کسی بھی قسم کا دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریگی، حکومت کو قبائلیوں کے مسائل کا احساس ہے ،تدارک کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، آنیوالے تین مہینوں میں قبائلی پٹی میں 13ہزار سے زائد افراد کو نوکریاں دی جائینگی تاکہ بیروزگاری کا سد باب کیا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کے روز اپنے دورہ جنوبی وزیرستان کے موقع پر وانا سکائوٹس کیمپ میں محسود ،وزیر ،اور دوتانی قبائل سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے ایک گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی ایف سی سائوتھ میجر جنرل عابد لطیف ،ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اخونزادہ محمدیحی خان سمیت سول اور عسکری حکام بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی جانب سے ملک کی خاطر دی جانیوالی قربانیاں قابل فخر اور قابل ستائش ہیں حکومت اب ان جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ قبائلی عوام کی مایوسیوں کا خاتمہ کیا جا سکے قبائلی علاقوں میں بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ مرکو ز کی ہوئی ہے جس کے لئے علاقہ کے ہسپتالوں میں قبائلی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اچھے ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائیگی اور جو ڈاکٹر اپنے فرائض سے کوتاہی برتے گا اسے نوکری سے فارغ کر دیا جائیگا جبکہ جنوبی وزیرستان کی عوام کو علاج و معالجہ کی سہولت کے لئے آئندہ ما ہ پانچ لاکھ صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوتی ہیں اس لئے قبائلی علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت پاک آرمی کے تعاون سے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے جنوبی وزیرستان میں اس وقت بہترین تعلیمی درسگاہیں کام کر رہی ہیں جسمیں قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ کئی طلباء تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاک آرمی اور ملک دیگر بڑے اداروں میں آفسیر بن کر ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے اساتذہ کو فرائض منصبی ادا کرنے کا پابند کیا جائیگا تاکہ سرکاری سکولوں کا معیار تعلیم بہتر ہو سکے قبائلی علاقے قدرتی معدنیات سے مالا مال ہیں اوران معدنیات کو کار آمد بنا کر عوام کی فلا ح و بہبود کے لئے استعمال میں لایا جائیگا جبکہ زارعت کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس کیلئے چک ڈیم تعمیر کئے جائینگے اس موقع پر قبائلی عمائدین نے گورنر خیبر پختون خواہ شاہ فرمان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے عمائدین کو ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے عنقریب 50رکنی وفد کو مسائل پر تفصیلی بات چیت کرنے کیلئے گورنر ہائوس بلانے کے عندیہ دیا علاوہ ازیں قبائلی عمائدین نے قبائلی روایات کے مطابق وانا سکائوٹس کیمپ میں وزیر دفاع اور گورنر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں روایتی لنگیاں پہنائیں۔