ماہر تعلیم خواجہ محمد وسیم مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کاانعقاد

ہفتہ 29 دسمبر 2018 21:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2018ء) گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت مشہور سماجی ،ادبی شخصیت اور ماہر تعلیم خواجہ محمد وسیم مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس گزشتہ روز گندھارا ہندکو اکیڈمی کے ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ ریفرنس کی نظامت کے فرائض گندھاراہندکو بورڈ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر صلاح الدین نے سرانجام دئیے جبکہ صدارت گندھارا ہندکو بورڈ کے ایگزیکٹیو ممبر خواجہ یاور نصیر نے کی۔

اس موقع پر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین، ایگزیکٹیو ممبران سید کامران شاہ،ضیاء الحق سرحدی، سکندر حیات سکندر، پروگرامز کوآرڈینیٹر فرید الله قریشی ،سردار فاروق احمد جان بابر ،طاہر عباس،خواجہ محمد آصف، خواجہ محمد وسیم مرحوم کے فرزندان فہد اور ولید،گندھارا ہندکو اکیڈمی کے سٹاف ممبران کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ محمد وسیم کثیر الجہت شخصیت تھے، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں،خواجہ صاحب کی فطرت میں محبت کامادہ کوٹ کوٹ کر بھرا تھا مرحوم اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، انہوں نے دیگر شعبوں سمیت تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ اُن کو پشاور شہر کی ثقافت سے بہت لگائوتھا،اُن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پرنہیں ہو سکے گا۔ مرحوم علم دوست، ادب دوست شخصیت اور پیار و محبت کا پیکر تھے۔ ریفرنس کے آخر میں مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔