قبائل کو مسلسل انداز کیا جارہا ہے، متاثرین کا سروے اقرباء پروری اور سفارش کی بنیادپر کیا جارہا ہے جوسراسر غلط ہے،مو لانا حامد الحق حقانی

حکومت کو انصاف پر مبنی سروے کرنا چاہیے اور تمام متاثرین کی مایوسیوں کو ختم کرنا چاہیے،چیئر مین دفاع پاکستان کونسل

پیر 31 دسمبر 2018 17:45

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی قائم مقام امیر وچیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا حامد الحق حقانی نے کہاہے کہ قبائل کو مسلسل انداز کیا جارہا ہے،متاثرین کا سروے اقرباء پروری اور سفارش کی بنیادپر کیا جارہا ہے جوسراسر غلط ہے،حکومت کو انصاف پر مبنی سروے کرنا چاہیے اور تمام متاثرین کی مایوسیوں کو ختم کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کرم ایجنسی کے نومنتخب کابینہ کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت ضلعی امیر مولانا ثناء اللہ نے کی،جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری قاری رشید نائب امیر مولانا محمد داؤد حقانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد فیاض حقانی،ناظم مالیات محمد رحیم عادل مولانا ظفر الحق وفد میں شامل تھے، ملاقات میں صوبائی امیر مولانا سید یوسف شاہ بھی موجود تھے، وفد نے کرم ایجنسی میں عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل سے مولانا حامد الحق حقانی کو آگاہ کیا ،مولانا حامد الحق حقانی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ہرسطح پر کرم ایجنسی کے عوامی مسائل اور مشکلات کے بارے میں ہرفورم پر ان کے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کریں گے،صوبائی امیر مولانایوسف شاہ نے کہاکہ حکومت نے انضمام کا وعدہ پورا نہیں کیا ،قبائل سے کئے گئے وعدے کو فی الفور پورا کرنا چاہیے اور قبائل کے احساس محرومی کو ختم کرنا چا ہیے مولانا یوسف شاہ نے وفد پر زور دیا کہ وہ کرم ایجنسی جماعت کو منظم اور فعال بنائیں اور شہید ناموس رسالت قائد جمعیت مولانا سمیع الحق شہیدکیے مشن کو گھر گھر تک پہنچائیں، انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق شہید نے ہمیشہ قبائل کے دفاع اور ان کے حقوق کے لئے لڑتے رہے ،انضمام تحریک میں پیش پیش تھے، وفد نے بعد میں مولاناسمیع الحق شہید کے مرقد مبارک پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔