Live Updates

فنکاروں اور ان کی فیمیلیز کے لئے ہیلتھ کارڈ متعارف کروا رہے ہیں‘فیاض الحسن چوہان

حکومت آرٹسٹوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،انکے مسائل کے حل کیلئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے الحمرا آرٹ کونسل کے زیر نگرانی ہر منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جا رہا ہے‘ اطہر علی خان

بدھ 2 جنوری 2019 18:57

فنکاروں اور ان کی فیمیلیز کے لئے ہیلتھ کارڈ متعارف کروا رہے ہیں‘فیاض ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب فنکاروں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اس لیے صوبے میں فنکار برادری کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے 4لاکھ ما لیت کا آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ متعارف کروایا جا رہاہے۔ جس سے ہر سال فنکاروں سمیت فنون لطیفہ سے وابستہ مختلف شعبہ جات کے افراد مستفید ہونگے، ابتدائی مرحلے میں چھ ہزار فنکاروں اور ان کی فیمیلیز کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ادب و ثقافت کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کے سفیر ہوتے ہیں جو ملکی ترقی اور نیک نامی کے لئے کام کرتے ہیں،ہم ان کو مشکل وقت میں بے یار و مددگار نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے فنکاروں کی بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی ٹھوس نتائج کے حامل اقدامات کئے جارہے ہیں،آنے والے دنوں میں بہت کچھ بہتری کی طرف گامزن ہوتانظر آئے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا ر صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے ا لحمراء میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت معاشی تنگدستی کا شکار فنکاروں میں چیکس کی تقسیم کے دوران کیا۔ اس مد میں ابتدائی طور پر ستائیس فنکاروں، کیمرہ مینوں ا ور تکنیک کاروں میں مختلف مالیت کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ چیکس وصول کرنے والوں میں الطاف حسین، حسن عسکری، مقصود احمد بٹ اور فرخ خان سمیت دیگر اور فنکار بھی شامل ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیا ض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ حکومت آرٹسٹوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔ تقریب میں صوبائی وزیر کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر علی خان کا کہنا تھا کہ الحمرا آرٹ کونسل کے زیر نگرانی ہر منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جا رہا ہے۔

آرٹسٹوں کی مالی امداد سے فنون لطیفہ کو فروغ ملے گا۔ تقریب میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت چیکس حاصل کرنے والے فنکاروں نے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے فنکار دوست اقدامات کو سراہا اور آرٹسٹوں کے مسائل اور ان کے حل کے لیے کی گئی خصوصی کوششوں پر صوبائی وزیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات