ڈپٹی کمشنر جہلم کاڈائیلسزسینٹر ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر سی ای او ہیلتھ سے رپورٹ طلب

ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے موقع پر او پی ڈی ،ایمرجنسی بلاک،ڈائیلسز سینٹر اور دیگر جگہوں کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری چیک کی

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 3 جنوری 2019 12:01

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جنوری2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھو کھر،جہلم) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے ڈائیلسزسینٹر ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال اور ایم ایس خالد سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مذکورہ ڈاکٹر کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر نے دورہ کے موقع پر او پی ڈی ،ایمرجنسی بلاک،ڈائیلسز سینٹر اور دیگر جگہوں کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری چیک کی، ایک ڈاکٹر کی غیر حاضری پر اظہار برہمی کیا، انہوں نے کہا ہے کہ سیکنڈ شفٹ میں اچانک دورہ کرنے کا مقصد عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے ۔

انہوں نے مختلف ورڈز میں مریضوں کی شکایات سنیں، ادویات کی دستیابی بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال دورہ کے دوران مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے بھی دریافت کیا ۔ انہوں نے ایم ایس کو حکم دیا کہ ڈیوٹی روسٹر کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ بنا کر ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی حاضری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے،ڈاکٹرز کی لاپرواہی ہر گز برداشت نہ کی جائیگی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم سمیت ضلع کے تمام ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تا کہ شہروں میں جانے کی ضرورت نہ پڑے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اورپیرا میڈیکل سٹاف عوام کا دکھ بانٹنے اور انکی تکالیف کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور نیک نیتی اور ایمانداری کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔