ایف پی سی سی آئی اور بلوچستان حکومت کا کوئٹہ میں مشترکہ سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ

منگل 8 جنوری 2019 21:21

ایف پی سی سی آئی اور بلوچستان حکومت کا کوئٹہ میں مشترکہ سرمایہ کاری ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کے ساتھ وزیراعلیٰ ہائوس بلوچستان میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سینیٹر انور الحق کاکٹر، اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی، وزیر زراعت زمرگ اچکزئی بھی موجود تھے۔

منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ایف پی سی سی آئی نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کے لئے فیصلہ کیا گیا۔ انجینئر دارو خان نے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کا مقصد بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع دریافت کرنا ہے جہاں پاکستان بھر سے سرمایہ کاروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دارو خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ وسائل کی تلاش اور استحصال کرنے کے لیے 2019ء کے پہلے کواٹر میں یہ سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کیا جائے گی اور اس کا مقصد بلوچستان کے امیج کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبائی معیشت کے تمام شعبوں میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کی ہے اور صوبائی حکومت سکیورٹی اور سرمایہ کاری کی حفاظت بھی یقینی بنائے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایف پی سی سی آئی پورے ملک میں بلوچستان کی مثبت تصویر پیش کرے گی اور بلوچستان کی کاروباری برادری کے مسائل اور چیلنجوں کو سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اگرچہ دیگر صوبوں کے لحاظ سے بلوچستان کم ترقی یافتہ صوبہ ہے اور سرمایہ کاری و معاشی سرگرمیوں کا فروغ اس صوبے کی ضرورت ہے تا کہ بلوچستان کی ترقی بحال ہو سکے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ میر جام کمال خان نے ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی اور تمام نو منتخب عہدیداروں کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان نے بزنس کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کو ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس کراچی کے دورے کے لئے دعوت دی جس کو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قبول کر لی۔