پنجاب اسمبلی میں پنجاب رائٹ ٹوپبلک سروس بل 2018ء منظور

بل کے تحت سرکاری دفاترمیں افسرشاہی کی کارکردگی مانیٹرہوگی، اپوزیشن ارکان نے بھی بل کی حمایت کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 14 جنوری 2019 20:29

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جنوری2019ء) پنجاب اسمبلی نے پنجاب رائٹ ٹوپبلک سروس بل 2018ء منظورکرلیا ہے، بل کے تحت سرکاری دفاترمیں افسرشاہی کی کارکردگی مانیٹرہوگی، پنجاب اسمبلی اجلاس میں پروڈکشن آرڈر سے متعلق ترمیمی بل رولز آف پروسیجربھی پیش کیا جائےگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے پنجاب اسمبلی میں عوامی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کا عمل شروع کردیا ہے۔

پنجاب اسمبلی نے پنجاب رائٹ ٹوپبلک سروس بل 2018ء منظورکرلیا گیا ہے۔ بل کے تحت سرکاری دفاترمیں افسرشاہی کی کارکردگی مانیٹرہوگی۔ اسی طرح ایوان نے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے رولز آف پروسیجر میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ترمیمی بل منظوری کے بعد خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

گرفتار رکن اسمبلی کو بلوانے کیلئے اسپیکر کو درخواست دی جاسکتی ہے۔

وزیرقانون پنجاب بشارت راجہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں 10 برس تک حکومت کرنے والوں کو پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترمیم کرنے کا کوئی خیال نہیں آیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کو اس ترمیم کا کریڈٹ جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت آج90 شاہراہ قائداعظم پر تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کریں گے اورہم سب نے کپتان کی ٹیم بن کر صوبے کی بہتری اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں اور ہم صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران اراکین اسمبلی نے بھرپور حصہ لیا ہے اور ہر موقع پر پارٹی کو سرخرو کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے دروازے آپ کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے کے تحت مقررکردہ اہداف کے حصول کو یقینی بناناہے ۔اب کام کرنے کا وقت آگیاہے۔30سال کی خرابیاں چند ماہ میں درست نہیں ہوسکتیں۔ سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بل منظوری کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں اور پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے رولز آف پروسیجر میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔

ماضی میں 10 برس تک حکومت کرنے والوں کو پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترمیم کرنے کا کوئی خیال نہیں آیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کو اس ترمیم کا کریڈٹ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی ٹیم یہ تاریخی ترمیم لا رہی ہے۔عثمان بزدار واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے صوبے کے عوام اور پارٹی کے مفاد میں بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ بل لانے پر بھی ممبرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انشاء اللہ مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔ اجلاس میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔