پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے زیر اہتمام شعبہ زراعت کے منصوبہ جات کیلئے کانفرنس کا انعقاد

پیر 14 جنوری 2019 23:51

لاہور۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) حکومت پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے زیر اہتمام وزیراعظم کے 100 روزہ پلان کے مطابق صوبہ پنجاب میں شعبہ زراعت کے منصوبہ جات کیلئے بہترین و جامع پلاننگ اور ڈیزائن اور عملدرآمد کے حوالے سے کانفرنس محکمہ پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔

کانفرنس میں فورم کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر محمد ہاشم پوپلزئی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے باقاعدہ طور پر ایگریکلچر سیکٹر پر ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ مذکورہ ٹاسک فورس نے شعبہ زراعت کی اپ گریڈیشن کے ضمن میں پاکستان کے تمام صوبہ جات میں ایگریکلچر سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے بہترین و جامع پلاننگ اور ان پر فوری عملدرآمد کیلئے وفاقی و صوبائی سطحوں پر شئیرز مختص کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ پنجاب میں وفاقی اور صوبائی سطح پر شئیرز کی تقسیم کے مطابق صوبائی ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے سیکٹر گندم ، فصلیں، چاول اور چینی کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے 5345 ملین روپے جبکہ پنجاب کی جانب سے 15387 ملین روپے شئیرز مختص کئے گئے ہیں۔ اس طرح سے واٹر سیکٹر بشمول پانی کے کھالوں میں بہتری کیلئے 18499 ملین روپے (پنجاب) اور 9740 ملین روپے (وفاق)جبکہ کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کیلئے 11562 ملین روپے (پنجاب) اور 6200 ملین روپے (وفاق)کی جانب سے مختص کئے گئے ہیں۔

مزید برآں فشریز سیکٹر کیلئے پنجاب کی جانب سے 2478 ملین روپے اور 1361 ملین روپے (وفاق) جبکہ لائیو سٹاک سیکٹر کیلئے پنجاب کی جانب سے 942 ملین اور 628 ملین روپے وفاقی حکومت کی طرف سے رکھے گئے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے اس امر پر زور دیا کہ پچھلے جاریہ منصوبہ جات کی کمی کوتاہی کو مد نظر رکھتے ہوئے اب شعبہ زراعت کے نئے منصوبہ جات پر عملدرآمد کروانے سے قبل نئی اصلاحات کو ضرور متعارف کروانا ہوگا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے صوبہ میں منہ اور پائوں سے محفوظ بیمار یوں پر روشنی ڈالی۔ آخر میں کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ حکومت کو عوامی ڈیمانڈ سائیڈ پراجیکٹ کے آغاز کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے صوبائی محکمہ جات پر زور دیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اولین ترجیحات والے منصوبہ جات کو وفاقی حکومت کی جانب سے طے کردہ ٹائم فریم کے دوران اجاگر کریں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب حبیب الرحمن گیلانی نے کانفرنس کے تمام شرکا کو پی اینڈ ڈی کمپلیکس کے ایک بڑے ڈویلپمنٹ پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایگریکلچر سیکٹر کیلئے مختص کی گئی، رقوم کا شعبہ زراعت کی اپ گریڈیشن کیلئے بہترین طریقے سے استعمال کیا جائے گااور کسی بھی صورت میں ایگریکلچر سیکٹر کیلئے مختص کی گئی رقوم کو کسی اور ڈویلپمنٹ سیکٹر میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پرصوبائی سیکرٹری زراعت واصف خورشید، صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک احسن وحید، صوبائی سیکرٹری جنگلات کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف، ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ امیر خٹک، ممبر پی اینڈ ڈی بورڈ ظاہر شاہ، متعلقہ محکمہ جات کے ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔