غلام سرور خان کی ایگزون موبل کو آن شور ایکسپلوریشن کیلئے بھی دعوت، ہم بین الاقوامی سرمایہ کاری کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے،

بیرون ملک سے منگوائے جانے والے آلات پر لاگو ٹیکسوں اور ڈیوٹی پر رعایت دی جائے گی، انڈس جی بلاک سے مارچ سے اپریل کے درمیان پہلی خوشخبری ملے گی وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان سے سی ای او ایگزون موبل ارتضی سیّد کی ملاقات

جمعرات 17 جنوری 2019 00:05

غلام سرور خان کی ایگزون موبل کو آن شور ایکسپلوریشن کیلئے بھی دعوت، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان سے سی ای او ایگزون موبل ارتضی سیّد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی اور انڈس جی بلاک پر کام کی رفتار کے متعلق بتایا۔ ان سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہاکہ 2019ء ہم سب کیلئے بہتر سال ثابت ہو گا۔ ایگزون موبل نے کنویں کی سپڈنگ شروع کر دی ہے۔

اس کنویں کا قطر 18 سے 24 انچ ہے اور یہ الٹرا ڈیپ ایکسپلوریشن ہے۔ اس بلاک سے مارچ سے اپریل کے درمیان پہلی خوشخبری ملے گی۔ یہاں پر ڈرلنگ 24 گھنٹے جاری ہے۔ ایگزون موبل نے ٹارگٹ گہرائی 55 سوفٹ بتائی ہے۔ متوقع ہے کہ یہ دریافت سوئی فیلڈ جتنی بڑی ہو گی جس کا ذخیرہ اندازاً 3 سے 8 ٹریلین کیوبک فٹ ہو سکتا ہے جو کہ پاکستان میں گیس کے کل ذخیرے کا 25 سے 40 فیصد تک ہو گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں دریافت اور پیداوار کی کمپنیاں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس آف شور بلاک میں کام کر رہی ہیں۔ ای این آیی اس کا آپریٹر ہے جو کہ ایک اطالوی کمپنی ہے اور پاکستان میں سال 2000ء سے کام کر رہی ہے۔ ان کی ریگ شپ، سیپم، کراچی کے جنوب مغرب میں 230 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ یہاں پر پانی کی گہرائی 13 سو میٹر سے زائد ہے، اس پروجیکٹ پر ای این آیی ,ایگزون موبل,پی پی ایل اور اوجی ڈی سی ایل کی شراکت داری ہے۔

ایگزون موبل اور ای این آئی کی شراکت داری سے آف شوڈریلنگ کو شروع کیا گیا ہے جس پر تقریباً 75 ملین ڈالر خرچہ ہو گا۔ اس وقت وہاں پر سوا دو سو کے قریب لوگ کام کر رہے ہیں، ایکسپلوریشن کے بعد اس جگہ پر روزگار کے بہت اچھے مواقع میسر ہوں گے، اگر اس دریافت میں کامیابی ملتی ہے تو پاکستان اگلے 25 سے 30 سال تک یہ ذخائر استعمال کرے گا۔ اگر یہ ایک اچھی دریافت ثابت ہوئی تو ایگزون موبل اور کنویں بھی کھو دے گا، اچھے ذخائر حاصل ہونے پر تیل اور گیس کی پراسسنگ کیلئے یہاں پر ایک پراسسنگ یونٹ بھی بنایا جائے گا۔

ایگزون موبل، ایکسپلوریشن، ایل این جی اور پیٹروکیمیکل مواد کے پاکستان میں تجربہ میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ غلام سرور خان نے ایگزون موبل کو آن شور ایکسپلوریشن کیلئے بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی سرمایہ کاری کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔ اس سلسلے میں بیرون ملک سے منگوائے جانے والے آلات پر لاگو ٹیکسوں اور ڈیوٹی پر رعایت دی جائے گی۔ اس موقع پر وایس پریزیڈنٹ ایگزون موبل سٹیفن بھی موجود تھے۔