عدالت کا تفتیشی افسر کی جانب سے عابد باکسر کیخلاف نامکمل تفتیشی رپورٹ جمع کروانے پر اظہار برہمی

سی سی پی او لاہور کو تفتیش مکمل کرنے کا حکم ، آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو عدالت یکطرفہ فیصلہ کر دے گی‘ایڈیشنل سیشن جج

جمعرات 17 جنوری 2019 14:30

عدالت کا تفتیشی افسر کی جانب سے عابد باکسر کیخلاف نامکمل تفتیشی رپورٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) سیشن عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کیخلاف نامکمل تفتیشی رپورٹ جمع کروانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے عابد باکسر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 28 جنوری تک توسیع بھی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج جاوید اشرف کی عدالت میں سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کی درخواست ضمانت اور 4مختلف کیسز پر سماعت ہوئی۔

سابق انسپکٹر عابد باکسر بھی اپنے وکلا اور دوستوں کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس کی جانب سے عابد باکسر کی نامکمل تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی جس پر عدالت نے تفتیش مکمل نہ کرنے پر سخت اظہار برہمی کیا اور سی سی پی او لاہور کو عابد باکسر کی تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل نہ ہوئی تو عدالت یکطرفہ فیصلہ کر دے گی۔

(جاری ہے)

عابد باکسر کے خلاف قتل اور اغوا سمیت چار مقدمات درج ہیں۔ عابد باکسر نے ایڈووکیٹ آذر لطیف خان کی وساطت سے کیس دائر کر رکھا ہے۔ تفتیسشی افسر کے مطابق عابد باکسر پر جعل سازی، فراڈ کیس، اغوا، اسلحہ بردار افراد کے ساتھ متعدد افراد کو ہراساں کرنے جیسے الزامات عائد ہیں۔ عابد باکسر پنجاب پولیس میں ایس ایچ او کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکا ہے۔

عدالت اس سے پہلے عابد باکسر کو پانچ مقدمات میں بے گناہ قرار دے کر بری کر چکی ہے۔ پولیس نے گذشتہ سماعتوں پر عدالت کو بتایا تھا کہ ڈی آئی جی نے انکوئری بورڈ مقرر کردیا ہے جو تفتیش مکمل کرکے عدالت میں جلد پیش کرے گا۔ عدالت نے تھانہ ملت پارک اور قلعہ گجر سنگھ پولیس سے ریکارڈ طلب کر رکھا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق عابد باکسر کیخلاف مون لائٹ سینما کی مالک نورین شریف اور مصطفی فردوسی سمیت دیگر شہریوں نے مقدمات درج کرائے۔

ملزم پر مون لائٹ سینما پر قبضہ کرنے اور سینما مالک کو قتل کرنے کا بھی الزام ہے۔ دوسری جانب عابد باکسر کا کہنا ہے کہ مجھ پر جھوٹے مقدمات سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ایما کر بنوائے گئے۔ عابد باکسر نے استدعا کر رکھی ہے کہ عدالت اس کیخلاف درج کئے گئے تمام مقدمات ختم کرتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دے۔