گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کا ضلع خیبر میں این ایچ اے ٹول پلازہ پر ٹیکس کی وصولی فوری روکنے کا حکم

جمعرات 17 جنوری 2019 19:57

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کا ضلع خیبر میں این ایچ اے ٹول پلازہ پر ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے قبائلی ضلع خیبر میں این ایچ اے ٹول پلازہ پر ٹیکس کی وصولی فوری روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضم شدہ قبائیلی علاقوں میں حکومت نے پانچ سال تک کیلئے ہرقسم کے ٹیکس سے چھوٹ دے رکھی ہے اوراس مدت میں مزید پانچ سال کااضافہ بھی ہوگا۔گورنر نے یہ احکامات گورنرہاوس پشاورمیں منعقدہ خیبر قبائیلی کے ایک بڑے نمائندہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے جاری کی‘ اس بات کی نشاندہی جرگے کے شرکاء نے کی تھی۔

اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن اقبال آفریدی ،کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر خیبر اورقبائلی زعماء ومشران کی بڑی تعداد موجودتھی۔گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ ملک وقوم کیلئے قبائلی عوام کی قربانیاں لازوال ہیں‘ ان قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہوئے پور ے ملک میں قبائیل کو محسن پاکستان کی حیثیت سے دیکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی قربانیوں کاتقاضا ہے کہ انہیں بھرپور عزت ووقار دیاجائے اوران کی قدرومنزلت میں اضافہ کیاجائے یہی وجہ ہے کہ ان کی سابقہ مراعات بھی بحال رکھی گئیں ہیں اورباقی ملک کے عوام کوحاصل حقوق ومراعات بھی انہیں دیئے جارہے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں بھی قبائلی اضلاع کا حصہ بیس سے چوبیس ارب روپے ہوگا اور دس سالہ خصوصی ترقیاتی پیکیج کے تحت وفاق سے سالانہ ایک سو ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی ملیں گے جن کے شفاف استعمال کے نتیجے میں قبائلی علاقے اگلے چند سالوں میں ترقیافتہ علاقوں کے برابر آجائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ پولیس،تعلیم، صحت سمیت مختلف محکموں میں چندہی مہینوں کے اندر پندرہ ہزار سے زائد آسامیوں پرمقامی لوگوں کوبھرتی کیا جائے گا جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں بے روزگاری کے مسئلے پر بڑی حدتک قابو پالیا جائے گا۔

گورنر نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے بعد متوقع قبائلی اراکین میں سے دو کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے گا‘ لوکل باڈیزانتخابات کے بعد ترقیاتی فنڈز تحصیل اورویلج کونسل ناظمین کے ذریعے مقامی جرگوں کی مشاورت سے خرچ کئے جائیں گے اور ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق سبھی شعبوں کے تحت ترقیاتی کا م کئے جائیں گے اور اوراسطرح ترقیاتی واصلاحاتی عمل سے عام عوام کو مستفید کیاجائے گا۔اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن اقبال آفریدی سابق وفاقی وزیرمملکت ملک وارت خان آفریدی،ملک دریا خان زخہ خیل آفریدی، سرداراعظم آفریدی اوردیگر زعماء نے بھی جرگے سے خطاب کیا۔