کراچی ،حکومت عبد الرحیم اور اس جیسے تمام لاپتہ افراد کو فی الفور رہا کرے،حافظ نعیم الرحمن

جمعرات 17 جنوری 2019 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی بلال کالونی کے رہائشی نوجوان عبد الرحیم کو رات کے اندھیرے میں گھر سے گرفتار کرکے لا پتا کر دینا انتہائی افسوسناک ، تشویشناک اورانسانی حقوق، آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔حکومت عبد الرحیم اور اس جیسے تمام لاپتا افراد کو فی الفور رہا کرے اور عام شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا سلسلہ بند کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے عبد الرحیم کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں کہی۔اہلِ خانہ نے بتایا کہ عبد الرحیم کو 20دسمبر کو رات 2بجے گھر سے قانون نافذ کر نے والے اداروں نے گرفتار کیا اور تاحال کوئی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔رینجرز، پولیس اور دیگر حکام سے بار بار رابطہ کیا گیا مگر کہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔

(جاری ہے)

عبد الرحیم کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ ایک محب وطن ،ذمہ دار شہری اور اپنے شعبے کا ماہر تعلیم یافتہ نوجوان ہے جو کبھی کسی قسم کی غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث نہیں رہا۔

اس کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں۔اہل محلہ میرے بیٹے کے محب وطن شہری ہونے کی گواہی دیتے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایک ایسا ملک جس میں آج آئین اور قانون کی بالا دستی کی بات کی جارہی ہے اس میں شہریوں کی شخصی آزادیوں کو پامال کر نا انتہائی مذموم عمل ہے جسے کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جاسکتا۔اس طرح کی ماورائے عدالت کاروائیوں سے لوگوں کے اندر تشویش اور اضطراب پیدا ہورہاہے جسے ختم کر نے کی ضرورت ہے۔#