نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ (کل) جمعہ کو اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کل ایوان صدرمیں ان سے حلف لیں گے

جمعرات 17 جنوری 2019 23:49

نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ (کل) جمعہ کو اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ (کل) جمعہ کو اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے ،صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کل ایوان صدرمیں ایک پروقارتقریب میں ان سے حلف لیں گے۔ یادرہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954ء کو پیدا ہوئے، ان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ انہوں نے 1969ء میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ملتان سے میٹرک کیا اور بورڈ میں 5ویں پوزیشن حاصل کی۔

جس پران کو نیشنل ٹیلنٹ سکالر شپ لینے کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے 1971ء میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاہور سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نی1973ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے پاس کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اوربعدازاں 1975ء میں یونیورسٹی آف پنجاب سے انگلش لینگوئج اور لٹریچر میں ماسٹرز کیا۔

1978ء میں کوئنز کالج‘ یونیورسٹی آف کیمبرج برطانیہ سے ایل ایل ایم کیا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ 13 نومبر 1979ء کو لاہور ہائیکورٹ جبکہ 12 ستمبر 1985ء کو سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ کی حیثیت سے انرول ہوئے۔ وہ آئین و قانون کے حوالے سے کئی کتابوں کے مصنف ہیں جبکہ مختلف آئینی و قانونی مسائل پر ان کے متعدد مضامین و تحقیقی مقالے بھی شائع ہوئے ہیں۔ وہ آئین و قانون پڑھانے کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ نامزد چیف جسٹس 21 مئی 1998ء میں لاہور ہائیکورٹ جبکہ 18 فروری 2010ء کو سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے۔ انہوں نے ساڑھے 19 سالوں میں تقریبا 55ہزار مقدموں کے فیصلے سنائے۔ وہ مختلف ممالک میں بین الاقوامی کانفرنسوں و سمیناروں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔