کراچی میں شارٹ ٹرم اغوا کی وارداتیں بڑھنے لگیں، تاجر کا بیٹا اغوا

جمعرات 17 جنوری 2019 23:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) شہر قائد میں شارٹ ٹرم اغوا کی وارداتیں بڑھنے لگیں، گزشتہ روز ریسٹورنٹ مالک کے بیٹے عمران کو اغوا کرلیا گیا، پولیس ملزمان کو پکڑنے میں تاحال ناکام ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارٹ ٹرم اغوا کی وارداتوں نے پھر سر اٹھالیا ہے، گزشتہ روز ریسٹورنٹ مالک کے بیٹے عمران کو اغوا کیا گیا، ایسٹ زون پولیس کے سامنے مغوی کو چھوڑا گیا مگر پولیس دیکھتی رہ گئی۔

مغوی کو چھوڑنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی ہے۔، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان تاوان ملنے کے بعد مغوی عمران کو چھوڑ رہے ہیں جبکہ پولیس قریب ہی موجود ہے۔مغوی عمران کے والد نے کہاکہ میرے بیٹے کو شارع فیصل پر ریسٹورنٹ سے اغوا کیا گیا، اغوا کار گاڑی میں سوار تھے ان کے پاس بڑے اور چھوٹے ہتھیار تھے۔

(جاری ہے)

مغوی عمران کے مطابق اغوا کار مجھے سپرہائی وے، دو دریا اور گھارو میں لے کر گھماتے رہے اور تاوان ملنے کے بعد مجھے چھوڑ دیا گیا۔

والد نے کہا کہ کچھ لوگوں پر شک ہے مقدمات گھارو اور معمار تھانے میں درج ہیں۔ذرائع کے مطابق شارٹ ٹرم اغوا کی واردات ایسٹ زون میں ہوئی تھی، نجی ریسٹورنٹ کے مالک کے بیٹے کو رات گئے ڈیڑھ بجے اغوا کیا گیا تھا اور گاڑی میں گھمانے کے بعد تاوان کے حصول کے بعد رہا کردیا گیا۔ملزمان نے مغوی عمران کو تین گھنٹے تک شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گھمانے کے بعد کراچی کے علاقے قیوم آباد میں چھوڑا، پولیس ملزمان کو تلاش کرتے ہوئے ان تک پہنچ گئی تھی تاہم ملزمان پولیس کے سامنے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :