افغان مذاکرات کے لئے آپس میں مل بیٹھیں، افغانستان میں امن پاکستان کے لئے ضروری ہے ،

سابق وزیراعظم و رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 21 جنوری 2019 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) سابق وزیراعظم و رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کے 24 گھنٹے گذر گئے، حقائق ابھی تک سامنے نہیں آئے، افغان مذاکرات کے لئے آپس میں مل بیٹھیں، افغانستان میں امن پاکستان کے لئے ضروری ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ساہیوال واقعہ افسوسناک ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

24 گھنٹے گذر گئے، حقائق ابھی تک سامنے نہیں آئے۔ پہلے دہشت گردی کا نام دیا گیا، اس کے بعد بار بار موقف بدلتا رہا۔ اس حوالے سے ابہام ہے، واقعہ ہوا کیوں، ناکامی سب کی ہے۔ اس حوالے سے کبھی صوبائی حکومت اور کبھی وفاقی حکومت سامنے آ جاتی ہے، اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، حقائق سامنے لائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی جی اور وزیر داخلہ پنجاب مل بیٹھیں، حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے، ہمارا ہمسایہ ملک ہے، امریکہ باہر سے آیا ہے اور چلا جائے گا، افغان مذاکرات کے لئے ایک ٹیبل پر مل بیٹھیں۔ مذاکرات ہی واحد مسئلہ کا حل ہے، اس حوالے سے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا۔ دونوں ممالک کے 60 ہزار سے زائد لوگ روزانہ بارڈر سے گذرتے ہیں۔