فیصل آباد،سانحہ ساہیوال ظلم وجبر کی وہ داستان ہے جس کے بعد انقلاب برپاہوتے ہیں،مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ

منگل 22 جنوری 2019 21:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) سانحہ ساہیوال ظلم وجبر کی وہ داستان ہے جس کے بعد انقلاب برپاہوتے ہیں۔ ظلم و بربریت میں اس حکومت نے فرعون کو بھی شرما دیا ہے۔ بے گناہوں کا خون حکومت کے زوال کاسبب بنے گا۔ ان خیالات کااظہار متحدہ مجلس عمل کے ضلعی صدر اور جے یو آئی ف کے امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ نے ایم ایم اے کے نائب امیر و ضلعی امیر جماعت اسلامی انجینئر عظیم رندھاوا، ایم ایم اے جنرل سیکرٹری مولانا منظور احمد ساقی، جے یو پی کے ضلعی صدر مفتی عبدالشکور رضوی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ضلعی نائب امیر مولانا عبدالصمد معاذ، جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج دین، جے یو آئی کے ضلعی نائب امیر میاںمحمدعرفان، جے یوپی کے اصغر علی صدیقی، ایم ایم اے کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وجے یو آئی ف کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمد یوسف انصاری کے ہمراہ جے یو پی نورانی کے دفتر وقاص پلازہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال ظلم وجبر کا وہ خوفناک واقعہ ہے جو کسی بھی معاشرے میں انقلاب برپا کرسکتا ہے۔ موجودہ حکومت پہلے روز سے ہی ڈنڈے کے زور پر حکومت چلانا چاہتی ہے۔ قوم اور قومی لیڈروں کو حراساں کرنا، گرفتار کرنا ، لوگوں کی املاک گرانا ،عام لوگوں سے روزگار چھیننا اور دہشت گردی کے نام پر قتل وغارت کرنا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

بدزبانی اور بداخلاقی کی روایات قائم کرکے کبھی ریاستیں اور حکومتیں نہیں چلائی جاسکتیں۔ ہمارے قائدین نے سینٹ آف پاکستان اور قومی اسمبلی میں جو مؤقف اپنایا ہے ہم سب اس کی تائید کرتے ہیں۔ ساہیوال واقعہ کے قاتلوں کو جلد ازجلد گرفتار کرکے قوم کے سامنے تختہ دار پر لٹکایاجائے۔ حکومتی وزراء اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوکر گھر چلے جائیں۔

یہ حکومت علماء کرام کے سپرد کی جائے۔ ناچنے ، گانے اور حکومتیں چلانے میں بہت فرق ہے۔ یہ حکومت اس قدر ناکام ہے کہ اس کی اتحادی جماعتیں بھی ایک ایک کرکے ان سے رخصت ہورہی ہیں۔ متحدہ مجلس عمل میں شامل تمام جماعتیں دینی وسیاسی سوچ کے ساتھ معاشرے میں فرقہ واریت، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سرگرداں ہیں مگر جان بوجھ کر ان جماعتوں یا قائدین کو کسی بھی سطح پر دہشت گردی یا فرقہ وارانہ الزامات لگا کر ملوث کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔

اب بھی ایسا ہی ہوا ہے جیسے ساہیوال سانحہ میں بے گناہوں کو قتل کرکے انہیں دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ ہم قائدین کے کل اسمبلی سے خطابات کی روشنی میں اس ادارہ کی جانب سے کئے گئے تمام دہشت گردی ککے اقدامات جن میں ماورائے عدالت قتل، لاپتہ افراد، ناجائز فورتھ شیڈول، بلاوجہ تشدد وشہرت کو نقصان پہنچانا ودیگر اقدامات کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا مرکزی قائدین سے رابطے میں ہیں ایم ایم اے کا مستقبل میں وہی لائحہ عمل ضلعی سطح پر ہوگا جو مرکزی سطح پر طے ہوگا۔