Live Updates

قطرمیں پاکستانیوں کے ساتھ بھارتی بھی عمران خان کا خطاب سننے آ گئے

بھارتی کی سکھ برادری نے وزیراعظم عمران خان کا کرتاپور راہداری کھولنے پر شکریہ بھی ادا کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 23 جنوری 2019 11:10

قطرمیں  پاکستانیوں کے ساتھ بھارتی بھی عمران خان کا خطاب سننے آ گئے
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ روز دورہ قطر کے دوران پاکستانیوں سے خطاب کیا۔ قطر میں مقیم پاکستانیوں نے دوحہ الوقارہ سٹیڈیم میں وزیراعظم عمران خان کی آمد پر ان کا پرجوش خیرمقدم کیا۔منگل کو وزیراعظم جب خطاب کیلئے سٹیڈیم میں پہنچے تو ہزاروں پاکستانیوں نے کھڑے ہو کر ان کا زبردست استقبال کیا اور پورا سٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان زندہ باد اور وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔ وزیراعظم کے خطاب کے دوران وقفہ وقفہ سے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا اور پاکستانیوں نے وزیراعظم کو اپنے درمیان پا کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔پاکستانی شہریوں کا ہجوم وزیر اعظم کا خطاب سننے امڈ آیا۔

(جاری ہے)

۔تاہم وزیراعظم عمران خان کا قطر میں خطاب سننے صرف پاکستانی نہیں بلکہ انڈین بھی آگئے۔

ہندوستان سے تعلق رکھنے والی سکھ برادری کا کہنا ہے کہ ہماری وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہو چکی ہے۔سکھ برادری نے وزیراعظم عمران خان کا کرتارپور راہداری کھولنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔سکھ برادری کا کہنا ہے عمران خان نے جو قدم اٹھایا ہے وہ رہتی دنیا تک ہم سنہری حروف میں لکھیں گے۔انڈیا میں پنجاب سے آئے سکھ وزیراعظم عمران خان کا خطاب سن کر بہت خوش ہوئے اور ان سے ملنے کے بعد ان کی خوشی دیدنی تھی۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی نے کی دعوت پر 21 سے 22 جنوری تک قطر کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، چیئرپرسن وزیراعظم ٹاسک فورس برائے توانائی اور خارجہ سیکرٹری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

عمران خان کے دورہ قطر پر جاری اعلامیہ کے مطابق دیوان امیری پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی اور وزیراعظم عمران خان اور امیر قطرنے ون آن ون ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور ابھرتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

امیر قطر نے وزیراعظم کو پاکستان میں حکومت کی پرامن منتقلی اور وزیراعظم کے طور پر ان کے انتخاب پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستانکی ترقی کے لئے تمام ممکن حمایت کا یقین دلایا۔ امیر قطر نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ قبل ازیں پیر کو دوحہ پہنچنے پروزیراعظم نے قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی کے ساتھ ان کی رہائشگاہ پر وفود کی سطح پر ملاقات کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات