Live Updates

ن لیگ کا وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ کا مطالبہ

جے آئی ٹی ڈرامہ قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے، جے آئی ٹی رپورٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔ سابق وزیرقانون رانا ثناءاللہ کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 23 جنوری 2019 16:10

ن لیگ کا وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ کا مطالبہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2019ء) سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی ڈرامہ قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے۔مسلم لیگ ن نے سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے اور اس جے آئی ٹی ڈرامے کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کی ایف آئی آر میں ملزمان کے نام نہیں ڈالے گئے ہیں جب کی جن لوگوں کو بے قصور قرار دیا گیا ان کے نام بھی ایف آئی آر میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ملزمان گرفتار ہونے کے باجود ان کے نام ایف آئی آر میں نہیں ڈالے گئے ہیں۔رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وزراء نے جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں کے نام ریڈ بک میں موجود تھے جب کہ دہشت گرد فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذیشان کا تعلق دہشت گردوں سے جوڑا جا رہا تھا لیکن ابھی تک یہ ذیشان کا تعلق دہشت گردوں سے جوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے جب کہ وزیر قانون کہتے ہیں کہ آپریشن سو فیصد درست تھا۔ جب کہ رانا ثناءاللہ کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت جتنا مرضی زور لگا لے ،ذیشان کو دہشت گرد ثابت نہیں کرسکے گی ، یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ آپریشن سو فیصد درست نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم ذیشان کی بچی اور بیوہ کے ساتھ کھڑ ی ہے ، ایک ادارہ ایک ہزار کارروائیاں کرتا ہے تو اس میں غلطی کا احتمال ہوسکتاہے ، یہ غلطی اگر تسلیم کرلی جائے تو شائد ذیشان کی ماں معاف کردے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء نے اپنا پورا زور لگا کرذیشان کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ذیشان دہشت گردنہیں تھا اور اس کو پورا زور لگا کر بھی دہشت گرد نہیں ثابت کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کچھ بھی نہیں کرسکے گی جو دکھایا جارہا ہے ، یہ ایک بصری دھوکا ہے ، سی ٹی ڈی افسران کو عہدوں سے ہٹایا جانا محض دکھاوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون اور سانحہ ساہیوال میں کوئی موازنہ نہیں ہے ، سی ٹی ڈی کو بہترین تربیت دی گئی ہے اور دہشت گردی کوختم کرنے کیلئے ان کی بہت سی خدمات ہیں ، کارروائیوں میں سی ٹی ڈی کے لوگ شہید بھی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کے بعد حکومت کوچاہئے تھا کہ اپنی غلطی کو تسلیم کرتے لیکن حکومت نے ظلم کا دفاع کرتے ہوئے مظلوم کو دہشت گرد ثابت کرنا شروع کردیا ، معاملے کوخراب کرنے والے یہ خود ہیں، ان کو اس معاملے پر مستعفی ہونا پڑے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات