سابق رکن قومی اسمبلی کی ایبٹ آباد میں سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی فراہمی معطلی پر وفاقی وزیر پٹرولیم سرور خان سے ملاقات

پبلک ٹرانسپورٹ کی وجہ سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے، ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والوں کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہئے، ڈاکٹر اظہر جدون

جمعرات 24 جنوری 2019 16:26

سابق رکن قومی اسمبلی کی ایبٹ آباد میں سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی فراہمی ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون نے ایبٹ آباد میں گیس کی قلت اور سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی فراہمی عارضی معطل ہونے کے حوالہ سے وفاقی وزیر پٹرولیم سرور خان سے ملاقات کی اور انہیں اہل ایبٹ آباد کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر اظہر جدون نے کہا کہ سینکڑوں خود روزگار نوجوان پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی جیسی قومی خدمت کر رہے ہیں جن کیلئے سی این جی کی بندش سے سے یہ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، بیشتر پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں نہیں چل رہیں جس سے عوام کیلئے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

انہوں نے بالخصوص مریضوں اور دفاتر میں کام کرنے والوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کی وجہ سے عام آدمی بھی یکساں متاثر ہو رہا ہے جس کیلئے سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی کرنے والوں کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفاقی وزیر سرور خان نے ایبٹ آباد کے سی این جی سٹیشنوں کیلئے گیس کی فراہمی جاری موسم سرما کی شدت کم ہوتے ہی بحال کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے گیس بحران پیدا ہوا ہے جس سے نمٹنے کیلئے تحریک انصاف کی قیادت نے ہنگامی بنیادوں پر مائع گیس درآمد کر لی ہے۔

انہوں نے موسم سرما میں ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں بالخصوص ایبٹ آباد میں رہنے والوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی اور اس سلسلہ میں مشکلات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔